Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سپریم کورٹ میں اعظم سواتی کیخلاف مقدمات منتقل کرنے کی درخواست

ڈاکٹر یاسمین راشد کی حکومت پرکڑی تنقید
شائع 01 دسمبر 2022 11:39am

پاکستان تحریک انصاف نے اعظم سواتی کیخلاف درج مقدمات اسلام آباد منتقل کرنےکی درخواست کردی۔

سپریم کورٹ میں ڈاکٹر بابر اعوان کی وساطت سے دائر کردہ اس درخواست میں وفاق،ڈی جی ایف آئی اے اورآئی جی سندھ وبلوچستان کوفریق بنایاگیا ہے۔

واضح رہے کہ پاک فوج اوراداروں کے خلاف تقریراورعوام کو اکسانے پراعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ، کراچی، جیکب آباد، نصیرآباد سمیت مختلف شہروں میں 15 سے زائد مقدمات درج ہیں۔

اعظم سواتی کی 26 نومبر کو راولپنڈی جلسے میں کی جانے والی تقریر پر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے بھی ان کی ہر قسم کی کوریج پر پابندی عائد کردی ہے۔

پیمرا کے مطابق ٹی وی چینلز نے اعظم سواتی کی راولپنڈی جلسہ میں تقریر بغیر ایڈٹ کیے نشر کی جبکہ انہوں نے تقریر میں ریاستی اداروں کے خلاف متنازع اور بے بنیاد الزامات لگائے تھے۔

دوسری جانب سپریم کورٹ لاہوررجسٹری کے باہرپی ٹی آئی کی دیگرخواتین کے ہمراہ خواتین کے حقوق اور انصاف کا مطالبہ کرنے والی ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ اعظم سواتی پر ظلم ہوا ہے،چادر اورچار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا۔ سپریم کورٹ ازخود نوٹس لیکر چادراور چاردیواری کا تقدس محفوظ کرے۔

انہوں نے کہا کہ خدا جانے کس دباؤ پربچوں اور پوتے پوتیوں کے سامنے سواتی صاحب کی بےعزتی کی گئی۔ سونے پرسہاگا یہ ظلم وہاں نہیں روکا گیا بلکہ ایک ایسی ویڈیو ریلیزکی گئی جس نے تمام خواتین کا سرشرم سے جھکا دیا یعنی پاکستان میں کوئی خاتون محفوظ نہیں۔

یاسمین راشد نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کو حیا شرم آنی چاہیے، 25 مئی کو بھی عورتوں اور بچوں کو ظلم کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ پاکستان میں 50 فیصد آبادی عورتوں کی ہے، اگرظلم بند نہ کیا تو تمہیں بتائیں گے۔ کیا تمہارے گھروں میں مائیں بہنیں نہیں ہوتیں“۔

یاسمین راشد نے کہا کہ بزرگ انسان آنسوؤں سے روتا رہا، اور کتنی بےعزتی کرنی اور کروانی ہے۔ اعظم سواتی کوانصاف نہیں مل رہا۔

pti

Supreme Court

Azam Swati

POLITICS DEC01 2022