پاک انگلینڈ پہلا ٹیسٹ: انگلش ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 332 رنز بنالیے
انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز تین وکٹوں کے نقصان پر332 رنزبنالیے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
انگلش اوپنرزیک کرالی اوربین ڈکٹ نے ٹیسٹ کوون ڈے بناڈالا۔ کرالی نے 122 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے، بین ڈکٹ 107 رنزبنا کرزاہد محمود کا شکار بنے، جوروٹ 23رنزبناکر زاہد محمود کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی جانب سے آج 4 کھلاڑیوں نے ڈیبیو کیا۔ ٹیسٹ کیپ پہننے والوں میں سعود شکیل، حارث رؤف، محمدعلی اور زاہد محمود شامل ہیں۔
ٹاس کے موقع پرانگلش کپتان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے اچھی لگ رہی ہے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے۔
انگلش کھلاڑیوں کی طبعیت بہترہونے پرپاکستان اورانگلینڈ کےکرکٹ بورڈزنے پہلا ٹیسٹ وقت پرشروع کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ پہلا ٹیسٹ موخرہوسکتا ہے۔
انگلینڈ کے میڈیکل پینل نے کھلاڑیوں کو آج کے میچ کیلئے کلیئرنس دی، گزشتہ روز کپتان بین اسٹوکس سمیت انگلینڈ کے 7 کھلاڑی وائرل انفیکشن کا شکار ہوگئے تھے۔
بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلش ٹیم راولپنڈی، ملتان اور کراچی میں 3 ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم یکم سے 5 دسمبر تک افتتاحی ٹیسٹ کی میزبانی کرے گا، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 9 سے 13 دسمبرتک دوسرا ٹیسٹ کھیلا جائے گا، کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم جو کہ اب نیشنل بینک کرکٹ ایرینا کے نام سے جانا جاتا ہے،17 سے 21 دسمبر تک سیریز کا تیسرا اورآخری ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل، کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس باصلاحیت بولرزہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ بولرزانگلینڈ کی 20 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوں گے۔
بابراعظم نے بدھ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ اپنی پلیئنگ الیون کوتقریبا فائنل کرلیا ہے اور راولپنڈی کی کنڈیشنز دونوں ٹیموں کوسپورٹ کریں گی۔
بابراعظم کے مطابق میچ میں فاسٹ بولرزاوراسپنرزدونوں کےساتھ جائیں گے، ہم چاہتے ہیں انگلش ٹیم فل اسٹرینتھ کے ساتھ کھیلے اور تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ اورنیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریزکیلئے کافی پرجوش ہیں اور کوشش ہوگی ٹیسٹ میچزجیت کرٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل کھیلیں۔
Comments are closed on this story.