Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلامی بینکاری کوکامیاب نظام کے طور پر رائج کرنا ہے، اسحاق ڈار

سود کے خاتمے کیلئے غیربینکاری سودوں کا خاتمہ ضروری ہے، وزیر خزانہ
اپ ڈیٹ 30 نومبر 2022 03:58pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ شرعی عدالت کے سود سے متعلق فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، ملک سے سودی نظام کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

کراچی میں سود کے ختامے سے متعلق سیمینار سے خطاب میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جدید بینکاری ہماری ضرورت بن چکی ہے، کوشش کی جارہی ہے کہ ہر فرد بینکاری سسٹم میں آئے، بینکاری نظام کے ذریعے لین دین کو شفاف بنایا جاسکتا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم سود کے خاتمے کی نیت کریں تو اللہ کی مدد حاصل ہوجائے گی، اسلامی بینکاری میں چند سال میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے، اسلامی بینکاری کو ملک میں ایک کامیاب نظام کےطور پر رائج کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سود کے خاتمے کیلئے غیربینکاری سودوں کا خاتمہ ضروری ہے، سود کے خاتمے کیلئے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ سودی نظام کے خاتمے سے برکت آئے گی، ہم کو آمدنی بڑھانی اور اخراجات کم کرنے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام میں فکسڈ منافع لینے پر پابندی ہے، ہمیں آہستہ آہستہ سودی نظام ختم کرنا ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ میرا پہلا کام یہ ہوگا کہ اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک کی جو اپیلیں ہیں ان کو واپس کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بینکاری کے حوالے سے دنیا میں کوشش ہورہی ہے کہ جس کی کم از کم آمدنی ہے وہ بھی بینکنگ سسٹم میں آجائے، بینکاری کا نظام زندگی کی ضرورت بن چکا ہے۔20 سے 21 فیصد بینکاری سسٹم ملک میں آچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کیش کی لین دین سے لوگوں کو شکوک شبہات ہوتے ہیں، اگر غلط طریقے سے آنے والے پیسے کو روکنا ہے تو اس کا بہترین حل بینکنگ سسٹم میں ہیں، نوکریاں ہیں تو بھی اس کا بینکنگ سسٹم کے ذریعے ان کا ٹریک یا ریکارڈ رکھا جاسکے۔اگر ہم نیت کریں گے تو اللہ کی مدد شامل حال ہوجائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کے پچھلے دور حکومت میں ہم نے ملک میں اسلامی بینکاری نظام کیلئے کوششیں کی تھیں، ہمیں آمدنی کو بڑھانے اور اخراجات کو کم کرنا ہے، ہمیں آہستہ آہستہ سودی نظام کو ختم کرنا ہے۔

وزیرِ خزانہ نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی کی پیش کردہ قرارداد وزیراعظم کو پیش کروں گا۔

مفتی تقی عثمانی کی قرارداد

مفتی تقی عثمانی نے سیمینار میں سود سے متعلق ایک قرارداد پیش کی، ان کا کہنا تھا کہ سود کے خلاف شرعی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت شرعی عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کرے اور نجی بینک اور مالیاتی ادارے سود سے متعلق اپیلیں واپس لیں۔

نجی بینکوں کی جانب سے اپیلیں واپس نہ لینے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے قرارداد میں سودی نظام کے خاتمے کے لیے وزارت خزانہ سے ٹاسک فورس کے قیام کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

’وزیراعظم شرعی عدالت کے فیصلے پر عملدرمد کرائیں‘

مولانا فضل الرحمان نے بھی سود کے خاتمے سے متعلق وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف شرعی عدالت کے فیصلے پرعملدرآمد کروائیں۔

جمیعت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ نے مزید کہا کہ تاجر برادری اور صنعت کار بھی اس فیصلے پر عملدرآمد کریں۔

Ishaq Dar

پاکستان

Islamic Banking

Interest System