Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ دیدی

صوبے میں بلدیاتی اداروں کی معیاد یکم جنوری 2022 کو ختم ہوچکی ہے، بریفنگ
شائع 30 نومبر 2022 02:44pm
تصویر/ اے ایف پی
تصویر/ اے ایف پی

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل کے آخری ہفتہ منعقد کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں بلدیاتی اداروں کی معیاد یکم جنوری 2022کو ختم ہوچکی ہے۔

بریفنگ کے مطابق الیکشن کمیشن تیسری دفعہ حلقہ بندیوں کے کام کا آغاز کرنے جارہا ہے، انتخابات کیلئے تاریخ پر صوبائی حکومت کے نمائندگان سے مشاورت کی جائے۔

نمائندہ پنجاب حکومت کی جانب سے دی جانے والی ڈرافٹ رولز کابینہ کی آئندہ میٹنگ میں رکھے جائیں گے اور رولز کی منظوری کے بعد اِن کی کاپیاں الیکشن کمیشن کو مہیا کی جائیں گی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کرواچکا یا کروانے والا ہے، کہیں الیکشن شیڈول دے چکا ہے، صرف پنجاب باقی جہاں انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہو سکا۔

جس کے بعد الیکشن کمیشن پنجاب میں بلدیاتی انتخابات اپریل کے آخری ہفتہ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا۔

local bodies election

ECP

punjab