Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

’مجھے زہر دیا گیا تھا، تکلیف کے باعث باتھ روم میں جاکر روتا تھا‘

'وہ وقت جیسا گزرا، میں جانتا ہوں یا میرا رب'
شائع 28 نومبر 2022 09:52pm
اسکرین گریب: جیو نیوز
اسکرین گریب: جیو نیوز

جارح مزاج پاکستانی بلے باز عمران نذیر نے انکشاف کیا ہے انہیں ایک بار زہر دیا گیا تھا۔

نوے کی دہائی کے آخر میں کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والے عمران نذیر نے بطور اوپنر اپنی جارح بلے بازی کا آغاز کیا، انہوں نے اپنی کارکردگی سے کافی نام بنایا اور کافی مشہور ہوئے، کئی برانڈز نے ان کی خدمات حاصل کیں لیکن بدقسمتی سے ان کا کرکٹ کیریئر جلد ہی ختم ہو گیا۔

حال ہی میں انہوں نے نجی ٹی وی کے شو ”ہنسنا منع ہے“ انکشاف کیا کہ انہیں ایک بار کسی نے زہر دے دیا تھا، جس نے ان کی جسمانی صحت پر بہت خوفناک اثرات مرتب کیے۔

عمران نذیر نے بتایا کہ وہ بستر پر پڑے ہوئے تھے، وہ اپنی ٹانگیں اور جسم بھی نہیں ہلا سکتے تھے۔

عمران نذیر کا کہنا تھا کہ انہیں مرکری پلادی گئی تھی جس سے ان کے جسم کے تقریباً تمام جوڑ ناکارہ ہوگئے تھے۔

سابق کرکٹر نے کہا ”کسی کے جسم کے ایک جوڑ میں بھی تکلیف ہو تو اگلا پچھلا سب یاد آجاتا ہے، میرا وہ وقت جیسا گزرا، میں جانتا ہوں یا میرا رب۔“

انہوں نے بتایا کہ ”اس زہر نے میرے 10 جوڑوں پر اثر ڈالا، ٹھیک طرح سے چل بھی نہیں پاتا تھا، صبح کے وقت منہ بھی نہیں دھویا جاتا تھا، میں نے کسی کے سامنے آنسو نہیں بہائے۔“

ان کا کہنا تھا کہ ”میں صرف باتھ روم میں جاکر روتا تھا اور کہتا تھا یا اللہ اب اور کتنی سزا ہے میری، لیکن پھر بھی میں نے بہت بہادری سے یہ وقت گزارا، الحمداللہ۔“

انہوں نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کا بہت برا وقت تھا۔ ان کا جسم کمزور تھا اور یہی وہ وقت تھا جب ان کی شریک حیات نے خود کو لائف سیور ثابت کیا اور ان کے ساتھ کھڑی ہوئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب کوئی ان کے بارے میں پوچھتا نہیں تھا تب شاہد آفریدی اور عبدالرزاق مشکل وقت میں ان کا سب سے بڑا سہارا بنے رہے۔

cricket

پاکستان

Imran Nazir

Poison