Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بین اسٹوکس کا میچ فیس پاکستانی سیلاب زدگان کو عطیہ کرنے کا اعلان

وزیراعظم کی جانب سے بین اسٹوکس کے اقدام کی تعریف
شائع 28 نومبر 2022 06:59pm
تصویر بزریعہ اے ایف پی
تصویر بزریعہ اے ایف پی

انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے اپنی میچ فیس پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے اتوار کی صبح پاکستان پہنچی تھی۔

اسلام آباد میں قدم رکھنے کے بعد سے توجہ کا مرکز بنے ہوئے بین اسٹوکس نے ٹوئٹر پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیسٹ سیریز کی میچ فیس پاکستانی سیلاب زدگان کو عطیہ کریں گے۔

بین اسٹوکس کے اعلان کے بعد وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے ان کے اقدا،م کو سراہا۔

وزیراعطم نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا کہ، ”ہم انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس کی جانب سے پاکستانی سیلاب زدگان کے لیے اپنی پوری ٹیسٹ سیریز کی فیس عطیہ کرنے کے احسن اقدام کو سراہتے ہیں۔ مصیبت زدہ انسانیت کے لیے ہمدردی تمام خوبیوں میں سب سے بڑی خوبی ہے۔ اس کا اشارہ انسان دوستی کی عظیم برطانوی روایت کا مظہر ہے۔“

اس سے قبل انگلینڈ کے وائٹ بال کپتان جوس بٹلر نے بھی ملک میں سیلاب زدگان کے لیے عطیہ دینے کا وعدہ کیا تھا۔

بٹلر نے رواں سال کے شروع میں کراچی پہنچنے پر مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کی ہمدیدیاں پاکستان میں سیلاب زدگان کے ساتھ ہیں۔

بٹلر نے کہا کہ پاکستان کو سیلاب کا سامنا کرنا پڑا اور ہم ان کے درد کو محسوس کر سکتے ہیں۔

”ہم اس مشکل وقت میں کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان آکر خوش ہیں۔ ہم ایک ٹیم کے طور پر عطیات دیں گے جو ہماری طرف سے ایک ادنیٰ سی کوشش ہے۔“

پاکستان حالیہ برسوں میں یکے بعد دیگرے آب و ہوا کی تباہ کاریوں، سیلاب، ہیٹ ویوز اور جنگل کی آگ سے متاثر ہوا ہے اور فنڈز تلاش کرنے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔

یہ فنڈز پاکستان کو جون میں شروع ہونے والے غیر معمولی سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے درکار ہیں، اس سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوب چکا ہے۔

پاکستان میں حالیہ سیلاب سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے، بہت سے لوگ اپنے گھر، ملازمتیں اور کاروبار سے محروم ہو گئے، بڑی تعداد میں مویشی اور فصلیں تباہ ہو گئیں اور دسیوں ہزار لوگ اب بھی بے گھر ہیں۔

cricket

پاکستان

Ben Stokes

Pakistan Floods

Pakistan vs England