ن لیگ کا اجلاس ختم، ’مدت پوری کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے‘
لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ (ن) پارٹی سیکرٹریٹ میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی زیر صدارت پارلیمانی کور کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں کی مدت مکمل ہونی چاہیئے، ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی آخری حد تک جائے گی، جمہوریت کےاستحکام کیلئے جماعتوں نے اپنا کردار ادا کیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی مدت کو ہر حال میں تکمیل تک پہنچایا جائے گا، گورنرکے پاس آئینی اختیار ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہے، کل اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد امیدواروں سے حمزہ شہباز کی ملاقات طے ہو گئی ہے، جمہوریت کے استحکام کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں، سپریم کورٹ میں ہماری درخواستیں التواء کا شکار ہیں انہیں سنا جائے۔
اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کسی کی جاگیر نہیں ہے، پنجاب اسمبلی میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کی سیٹیں برابر ہیں، عمران خان ملکی اداروں کے پیچھے پڑا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتی پرویز الہٰی کس غلط فہمی میں مبتلا ہیں، پرویزالہٰی کوعمران خان کے کہنے پر غیرقانونی اقدام نہیں کرنا چاہیے۔
Comments are closed on this story.