Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیفا ورلڈ کپ: ایران نے اپنے پرچم سے لفظ ’اللہ‘ ہٹانے پرامریکا کی شکایت کردی

ایران اور امریکا کے سفارتی تعلقات 1980 سے منقطع ہیں
شائع 28 نومبر 2022 12:56pm
تصویر: اے ایف پی
تصویر: اے ایف پی

ایران نے فیفا ورلڈ کپ کے دوران امریکی ٹیم کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹس میں اسلامی جمہوریہ کا جھنڈا تبدیل کیے جانے پرشکایت کردی۔

ایران فٹبال فیڈریشن نے جھنڈے میں ردو بدل کیے جانے پر فیفا سے شکایت کی ہے۔ ایران اور امریکا کے سفارتی تعلقات 1980 سے منقطع ہیں۔

ایران اور امریکا کے درمیان منگل کو ہونے والے میچ سے قبل امریکی ٹیم نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پرپوسٹس کیں جن میں ایران کے جھنڈے سے لفظ ’اللہ‘ غائب تھا۔

 تصویر: ویکی پیڈیا
تصویر: ویکی پیڈیا

ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کا کہنا ہے کہ امریکی فٹبال فیڈریشن کے انسٹاگرام پیج پرکیے جانے والے غیرپیشہ وارانہ اقدام میں ایرانی پرچم پرسے لفظ ’اللہ‘ ہٹا دیا گیا۔

ایرانی فٹبال فیڈریشن کی جانب سےعالمی فٹبال فیڈریشن فیفا کو بھیجی جانے والی ای میل میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس اقدام پرامریکی فٹبال فیڈریشن کے خلاف سنجیدہ کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب امریکی ٹیم کا موقف ہے کہ ایران کے سرکاری پرچم کو استعمال نہ کرنے کا فیصلہ اس لیے لیا گیا کیونکہ وہ ایران میں ملک مخالف مظاہروں میں شریک بنیادی انسانی حقوق کی جنگ لڑنے والی خواتین سےاظہار یکجہتی کرنا چاہتے تھے۔

امریکی فٹبال ٹیم کے ترجمان کےمطابق سوشل میڈیا سے متنازع پوسٹس ہٹاتے ہوئے ان کی جگہ درست پرچم کے ساتھ نئی پوسٹس لگا دی گئی ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ، ’ہم اب بھی ایران کی خواتین کی حمایت کرتے ہیں۔‘

یہ بات قابل ذکرہے کہ ایران میں اخلاقی پولیس کے ہاتھوں حجاب نہ لینے والی 22 سالہ مہسا امینی کی گرفتاری اور بعد ازاں تشدد سے موت کے بعد سے ملک بھرمیں پُرتشدد مظاہروں کا آغاز ہوا جن سے حکومت بہت زیادہ سختی سے نمٹ رہی ہے۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے الزامات عائد کرتے ہوئے ان مظاہروں کا ذمہ دار امریکا سمیت بیرونی عناصرکو ٹھہرایا گیا ہے۔ امریکا نے ایران کیخلاف چند پابندیاں بھی عائد کی ہیں۔

United States

Iran

FIFA World Cup 2022