Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کار سرکار میں مداخلت کا کیس: عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع

پی ٹی آئی چیئرمین کی طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
شائع 21 نومبر 2022 11:18am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔ اے پی پی

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کارسرکار میں مداخلت کے کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت میں 28 نومبرتک توسیع کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے تھانہ سنگجانی میں درج احتجاجی مظاہرے اور کارسرکار میں مداخلت کے مقدمے کی سماعت کی، عمران خان کی جانب سے رائے تجمل حسین عدالت میں پیش ہوئے۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ گولیاں لگنے کے باعث عمران خان شدید بیمار ہیں،عمران خان کو گولی لگی ابھی تک بیمارہیں، اس لیے پیش نہیں ہو سکتے۔

عدالت نے سابق وزیراعظم کی طبی بنیادوں پر آج کے لئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے مکمل میڈیکل رپورٹ طلب کرلی۔

بعدازاں انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس کی سماعت 28 نومبرتک ملتوی کردی۔

عمران خان کی نااہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت 24 نومبر تک ملتوی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے لئے دائر درخواست پر سماعت بغیر کسی کارروائی کے24 نومبر تک ملتوی کردی۔

عدالت میں درخواست گزار کے وکیل کیس کال ہونے پر بروقت پیش نہ ہو سکے، جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی، جہاں عدالت میں تاخیر سے پہنچنے پر وکیل کو کیس پر دلائل کی اجازت نہ ملی۔

عدالت نے کہا کہ کیس ملتوی ہو چکا ہے، اب آئندہ تاریخ پر ہی سنا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے، عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں ایک بیٹی کو ظاہر نہیں کیا۔

یاد رہے کہ ساجد نامی شہری نے سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔

pti

imran khan

Islamabad High Court