Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

سڑکوں کی بندش اور ریاست مخالف نعرے، اسلام آباد پولیس نے خبردار کردیا

شہر کے داخلہ و خارجی راستوں پر باڈی کیم سے لیس اہلکار تعینات، سیکیورٹی ہائی الرٹ
شائع 19 نومبر 2022 08:05pm
تصویر بزریعہ اے ایف پی
تصویر بزریعہ اے ایف پی

اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی الرٹ کردی گئی ہے، کسی بھی شخص کو کوئی بھی سڑک کسی طرح سے بھی بلاک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں اسلام آباد پولیس نے کہا کہ شہر داخلی و خارجی 10 راستوں پر متوقع امن عامہ کی صورتِ حال کے تحت باڈی کیمروں کے ساتھ پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ باڈی کیمروں کی ریکارڈنگ سے غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث عناصر کی نشاندہی ہوسکے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ امن عامہ کی صورت حال کے دوران باڈی کیمروں کا استعمال اسلام آباد میں پہلی بار ہوگا، جدید ٹیکنالوجی کے حامل آلات سے لیس پولیس، ایف سی اور رینجرز کے جوان ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

اسلام آباد کیپٹل پولیس نے لانگ مارچ کے مظاہرین کو کسی بھی طرح کی سڑکیں بند کرنے یا ریاست مخالف نعرے لگانے کے حوالے سے بھی خبردار کیا ہے۔

اسلام آباد پولیس نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا کہ ”کسی بھی طرح سے سڑکوں کو بلاک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سرکاری اور نجی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا جانا چاہئے۔“ ایک ٹویٹ میں، قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کورال سے روات تک پرامن ریلی کے لیے عدم اعتراض کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ، ”اسلام آباد کیپٹل پولیس ریلی کے لیے باقاعدہ ٹریفک پلان جاری کرے گی۔“

پولیس نے مظاہرین کو خبردار کیا کہ ریاست، مذہب، نظریہ پاکستان کے خلاف نعرے بازی اور تقاریر کی اجازت نہیں دی جائے گی، ریلی میں اسلحہ، لاٹھی اور ڈنڈے لے جانے پر کارروائی کی جائے گی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ”شرائط کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔“

”ضلعی ضلعی انتظامیہ نے ریلی کے لئے باقاعدہ این او سی جاری کردیا۔ ریلی کو پرامن بنانےکےلئے ضلعی انتظامیہ نے 35 شرائط رکھی ہیں۔ صرف کورال چوک سے روات تک جانے کی اجازت دی گئی ہے۔“

اسلام آباد پولیس نے یہ بھی روشنی ڈالی کہ ریڈ زون اور دیگر علاقوں میں دفعہ 144 کا نفاذ جاری رہے گا۔

اسلام آباد

islamabad police

PTI long march 2022

Haqeeqi azadi march

Politics Nov 19 2022

Bodycam