Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کسی کا حق نہیں کہے موٹروے پردھرنا دے گا اوروہاں کھڑا ہوجائے، عدالت

کنٹینرز کو راستوں میں کھڑا کیا گیا ہے جس سے مشکلات ہیں، وکیل
شائع 17 نومبر 2022 12:08pm
پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے راولپنڈی کے مری روڈ کو بلاک کیا گیا ہے، تصویر سوشل میڈیا
پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے راولپنڈی کے مری روڈ کو بلاک کیا گیا ہے، تصویر سوشل میڈیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے راولپنڈی میں دھرنے کے خلاف تاجروں کی درخواست پرسماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ جلسہ کرنا حق ہے لیکن شہریوں کے حقوق متاثر نہ ہوں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے مقامی تاجروں کی درخواست پر سماعت کی گئی، وکیل کا کہنا تھا کہ کنٹینرز کو راستوں میں کھڑا کیا گیا ہے جس سے مشکلات ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل بیرسٹر ہانگیر جدون اورایڈیشنل اٹارنی جنرل منوراقبال دوگل عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ دھرنے اور جلسے کے این او سی کے لیے پی ٹی آئی کی درخواست بھی زیر التوا ہے، اس درخواست کو بھی اس کے ساتھ سنا جائے۔

اس پر تاجروں کی درخواست کو پی ٹی آئی کی دھرنے اور جلسے کے این او سی حصول کی درخواست کے ساتھ یکجا کردیا گیا۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے کہا کہ قانونی رائے کے لیے وزارت قانون کو لکھا ہے، جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ اس طرح کی چیزوں میں فوری ایکشن لینا ہوتا ہے۔

وکیل درخواست گزارکا کہنا تھا کہ ہائی ویز اور موٹرویز پر ٹریفک کے روانی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہائی ویز اور موٹرویز کو بند کر دیں گے توتجارت بھی متاثر ہوگی، یہ کسی کا حق نہیں ہے کہ وہ کہہ دے کہ موٹروے پر دھرنا دے گا اور وہاں کھڑا ہوجائے، جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے دھرنا کیس میں فیصلہ دیا تھا کہ تمام جلسے پریڈ گراؤنڈ میں ہوں گے۔

بیرسٹرجہانگیرجدون ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ وہ فیصلہ ہماری درخواست پر آیا تھا، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے رہمارکس دیے کہ اب آپ اس سائیڈ پرآ گئے ہیں، اسلام آباد میں غیرملکی بھی ہیں، ڈپلومیٹک موومنٹ بھی متاثر ہوتی ہے۔ جو جلسہ کرنا چاہ رہے ہیں ان کا حق ہے مگر عام شہریوں کے حقوق بھی متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہائی ویزاورموٹرویزپروفاق کا کنٹرول ہے، یہ بات واضح ہے کہ فیڈریشن اس متعلق ڈائریکشن دے سکتی ہے، اس درخواست کو پی ٹی آئی درخواست کے ساتھ یکجا کر دیتے ہیں۔

دھرنے اور جلسے سے راستوں کی بندش کے خلاف تاجروں کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی گئی ہے۔

rawalpindi

Islamabad High Court