Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

آرمی چیف کی تعیناتی کا حقیقی آزادی مارچ سے کوئی تعلق نہیں، شاہ محمود

ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد راستہ انتخابات ہیں۔
اپ ڈیٹ 12 نومبر 2022 04:02pm
گجرات: پی ٹی آئی وائیس چیئرمین شاہ محمود قریشی میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں، اسکرین گریب، آج نیوز یوٹیوب
گجرات: پی ٹی آئی وائیس چیئرمین شاہ محمود قریشی میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں، اسکرین گریب، آج نیوز یوٹیوب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائیس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان غلط سمت میں جارہا ہے، عوام نے عمران خان کا بیانیہ قبول کرلیا ہے۔

گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کی سربراہی میں نیشنل سیکیورٹی پالیسی مرتب کی گئی، ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد راستہ انتخابات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب نے اپنے بیان میں تین حضرات کا نام لیا، جب تک وہ تین حضرات اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے عام تاثر ہے کہ تحقیقات غیرجانبدارانہ اورشفاف کیسے ہونگے؟

ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا ہمارے حقیقی آزادی مارچ سے کوئی تعلق نہیں، وہ ایک آئینی مدت ہے جس کا اختتام ہونا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے حقیقی آزادی مارچ کا ایک نکاتی ایجنڈہ ہے کہ ملک میں نئے شفاف انتخابات ہوں، ہم سنجیدہ طبقے کو بتا رہے ہیں کہ مسائل کا حل نئے انتخابات ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنا مدعا اعلیٰ عدلیہ کے سامنے رکھ رہے ہیں، ہماری پٹیشن چار نکات پر مشتمل ہوگی، پہلا نکتہ سینیٹر اعظم سواتی کو انصاف فراہم کیا جائے، دوسرا نکتہ ارشد شریف کے حوالے سے ہے، قوم جاننا چاہتی ہے کہ ارشد شریف کے ساتھ کیا ہوا، ارشد شریف کا لیپ ٹاپ کس کے پاس ہے؟

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارا تیسرا نکتہ سائفر ہے، جس پر پی ٹی آئی کا نکتہ نظر واضح ہے، سائفر کے بعد عدم اعتماد اور پھر سیاسی عدم استحکام پیدا ہوا، چوتھا نکتہ یہ ہے کہ کیا ایک شخص جس کا بیٹا شہید ہوا، کیا انہیں اپنی مرضی کی ایف آئی آر کا حق نہیں، پولیس کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کاغذ کا ٹکڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی پریشان ہے، روپیہ گرتا چلا جا رہا ہے، اس سے پاکستان کا بے پناہ نقصان ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے حقیقی آزادی مارچ کو جاری رکھنے کا بڑا فیصلہ کیا۔

pti

Shah Mehmood Qureshi

پاکستان

Gujrat

Azadi March Nov12 2022