ایک مفرور آدمی ملک کی سب سے بڑی پوزیشن کا فیصلہ کر رہا ہے: عمران خان
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ ایک مفرور اور سزا یافتہ آدمی ملک کے اہم فیصلے کر رہا ہے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مغرب میں لوگ اپنے حقوق جانتے ہیں، یہاں زمین پر قبضہ ہو جائے تو غریب دھکے کھاتا ہے، صرف بنانا ری پبلک میں قبضہ گروپ ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اخلاقیات کا قتل ہو رہا ہے، ایک مفرور آدمی اور عدالتوں سے سزا یافتہ شخص ملک کے فیصلے کر رہا ہے، یہ لوگ 11 سو ارب روپے کے چوری کے کیسز ختم کرا رہے ہیں، ہماری حکومت میں 6 فیصد گروتھ ریٹ تھا، آج دیکھیں معیشت تیزی سے نیچے گر رہی ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ قوم ایٹم بم برداشت کرسکتی ہے لیکن کرپشن نہیں کیونکہ اخلاقیات کو بمباری سےختم نہیں کرسکتے، جاپان پر ایٹم بم گرا، آج وہ کہاں کھڑا ہے، ہر جگہ جا کر پیسے مانگتے ہیں، بھکاریوں کی طرح پیسہ مانگنے سے ملک کھڑا نہیں ہوتا۔
پی ٹی آئی چیہئرمین کا کہنا تھا کہ مجھ پرحملہ ہوا، میں اپنا مقدمہ درج نہیں کرا سکا، اعظم سواتی کو اب تک انصاف نہیں ملا، مضبوط اداروں سے ملک مضبوط ہوتا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ساجد علی شاہ نے کتاب میں لکھا ان لوگوں نےججز خریدے، نواز شریف نے ایک جج کو فون کرکے کہا بینظیر کو 5 سال کی سزا دو، موجودہ چیف الیکشن کمشنر ان کے گھر کا نوکر ہے جس نے الیکٹانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) نہیں آنے دی۔
عمران خان نے کہا کہ یہ اداروں کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں جس کا مطلب ملک برباد کرنا ہے، یہ اپنے خلاف کیسز میں گواہوں کو مروا دیتے ہیں، اب انہوں نے نیب میں بھی اپنا آدمی بٹھا دیا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ارشد شریف پر تشدد کی تصاویر دیکھ کر دھچکا لگا، انہوں نے با ضمیر صحافیوں کے ساتھ ظلم کیا، ارشد شریف کا قتل تمام صحافیوں کے لئے پیٖغام تھا، خوف دلا کر یہ لوگوں کو غلام بنا دیتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک مفرور اور سزا یافتہ شخص ملک کی سب سے اہم پوزیشن کے لئے فیصلےکر رہا ہے، ہم بھیڑ بکریاں نہیں ہیں، اپنی آزادی کے لئے ہمیں جدو جہد کرنی ہوگی، ملک میں قانون کی حکمرانی میرا مشن ہے۔
Comments are closed on this story.