Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

تبدیلی کیلئے قربانی دینی پڑتی ہے: شاہ محمود قریشی

پاکستان میں ایک پیغام جانا ہے کہ ہم جھکے نہیں، گھبرائے نہیں۔
شائع 10 نومبر 2022 05:04pm
شاہ محمود قریشی، اسکرین گریب، آج نیوز یوٹیوب
شاہ محمود قریشی، اسکرین گریب، آج نیوز یوٹیوب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائیس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تبدیلی کیلئے قربانی دینی پڑتی ہے، تحریک انصاف نے مالی اور جانی قربانی دی ہے، آج وزیرآباد سے پورے پاکستان میں ایک پیغام جانا ہے کہ ہم جھکے نہیں، گھبرائے نہیں۔

وزیرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج یہ واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تحریک انصاف کا کارواں رواں دواں ہے، آج سب کو عمران خان کا ساتھ دینا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرآباد کے ماؤں اور بہنوں نے یہ پیغام دیا ہے کہ ہم سینہ سپر ہو کر کھڑے ہیں، عمران خان جلد ہمارے قافلے میں شریک ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین کہتے تھے کہ پی ٹی آئی کارکنوں میں حوصلہ نہیں پر آج تحریک انصاف کے کارکنوں نے ثابت کردیا ہے کہ ہم میدان میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے تھے کہ وزیرآباد تو ن لیگ کا گڑھ ہے، میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ تحریک انصاف کا قلعہ ہے کیونکہ تبدیلی آگئی ہے، آج تحریک انصاف جی ٹی روڈ پر راج کر رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ دن دور نہیں کہ تحریک انصاف کا جھنڈا سندھ پر بھی لہرائے گا اور وہاں پر کرپٹ ناسوروں سے اس صوبے کو آزاد کروائیں گے۔

Shah Mehmood Qureshi

پاکستان

Azadi March Nov10 2022