Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

تحریک انصاف ایف آئی آر کو بنیاد بنا کر ملک سے کھیلے گی، سعید غنی

'عمران نے اتنے جرائم کئے ہیں کہ اس کے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے گرفتار کیا جاسکتا ہے'
شائع 08 نومبر 2022 01:58pm
اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم، وزیر داخلہ اور ایک سینئیر فوجی افسر پر بنا کسی ثبوت کے الزامات لگانا کسی بھی طرح قابل قبول نہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان پر سخت تنقید کی اور کہا کہ عمران خان نے آڈیو لیک میں کہا سائفر سے کھیلنا ہے، وہ سائفر سے کھیلا اور سائفر کی آڑ لے کر ملک سے کھیلا۔

انہوں نے کہا کہ سب نے وزیرآباد واقعے کی مذمت کی لیکن عمران خان واحد آدمی ہے جو اس واقعے کو بنیاد بنا کر کھیلنا چاہتا ہے، پاکستان کے اداروں سے کھیلانا چاہتا ہے، پاکستان سے کھیلنا چاہتا ہے۔

سعید غنی نے طنزیہ کہا کہ چار گولیاں لگیں تو سوا سو کلومیٹر دور کینسر کے اسپتال میں ٹانگوں کا علاج کروانے چلے گئے اور کوئی میڈیکو لیگل بھی نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ایف آئی آر کٹی ہے اور اب یہ اس ایف آئی آر کو بنیاد بنا کر ملک سے کھیلیں گے۔ عمران خان ملک، اداروں اور نسل کے ساتھ کھلواڑ کر رہا ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ ”عمران خان ایک آئین شکن آدمی ہے، انا پرست اور ہٹ دھرم آدمی ہے۔ اس نے اتنے جرائم کئے ہیں کہ اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوسکتی ہے، اس کو گرفتار کیا جاسکتا ہے۔“

صوبائی وزیر نے کہا کہ ”عمران خان عدالتوں کے سامنے لاڈلہ ہے اس کو ریلیف مل جاتا ہے۔“

انہوں نے کہا کہ ”توشہ خانہ پر جو ڈاکہ اس نے مارا وہ خود مانتا ہے کہ ہاں میری گھڑی میری مرضی، تیرے باپ اکرام اللہ نیازی کی گھڑی تھی؟ گھڑی کسی دوست ملک کے سربراہ نے پاکستان کے بدقسمتی سے نالائق، نااہل، تھرڈ کلاس وزیراعظم کو دے دی۔“

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے چھیاسٹھ سال کی عمر تک جو پیسہ کمایا وہ ایک طرف اور وزیراعظم بننے کے بعد چار مہینے میں جو کمایا وہ ایک طرف ہے۔

Saeed Ghani

press conference