خیبر میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، اہم دہشت گرد کمانڈر ہلاک، سپاہی شہید
ضلع خیبر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں اہم دہشت گرد کمانڈر ہلاک اور ایک سپاہی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے شکاس میں خفیہ اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کیا، اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ایک انتہائی اہم مطلوب دہشت گرد کمانڈر لیاقت علی عرف شاہین مارا گیا۔
مارے گئے دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔
ہلاک دہشت گرد لاپتہ افراد کی فہرست میں بھی شامل تھا، جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں صوابی سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ سپاہی سلیم خان دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Comments are closed on this story.