Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سیروتفریح کیلئے بحریہ ٹاؤن جانیوالے خاندان کے 5افراد حادثے میں ہلاک

تیزرفتاری کے باعث گاڑی کھائی میں جا گری
اپ ڈیٹ 07 نومبر 2022 03:43pm
ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ کرامدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔  اسکرین گریب
ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ کرامدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ اسکرین گریب

کراچی میں سپرہائی وے کے قریب واقع ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن میں تیزرفتار کارگہرے گڑھے میں گرگئی۔ حادثے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ ایک خاتون زخمی ہوئی۔

جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد، 2 خواتین اورایک لڑکا ، لڑکی شامل ہیں، جاں بحق افراد کا تعلق کراچی کے علاقے ملیر ہالٹ سے تھا اور وہ گھومنے کے لیے بحریہ ٹاؤن آئے تھے جہاں ڈانسنگ فاؤنٹین کے قریب حادثہ پیش آیا۔

تصویر: ثاقب صغیر، ٹوئٹر
تصویر: ثاقب صغیر، ٹوئٹر

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور لاشیں نکال کربحریہ اسپتال پہنچائیں جہاں ضروری کارروائی کے بعد انہیں سہراب گوٹھ پرواقع ایدھی سرد خانے منتقل کردیا گیا۔

جاں بحق افراد میں کی شناخت 45 سالہ احمر ولد شریف، 40 سالہ صائمہ زوجہ احمر ، 14 سالہ عبداللہ ولد شریف ، 48 سالہ فہمیدہ زوجہ نعیم ، 14 سالہ حماد ولد احمر کے نام سے ہوئی۔

حادثے میں 21 سالہ عبیہ دختراحمرشریف زخمی ہوئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش سے پتا چلتا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا اور گاڑی زیرتعمیر عمارت کے گڑھے میں جاگری۔

واقعے کے بعد ریسکیو اداروں نے لاشوں کو بحریہ ٹاؤن اسپتال اور بعد ازاں سہراب گوٹھ پر واقع ایدھی مردہ خانے منتقل کردیا۔ وہاں سے لاشوں کو آخری رسومات کے لیے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔

اکتیس ہزار ممبران پر مشتمل ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشیوں کے ایک فیس بک گروپ کے مطابق یہ حادثہ بحریہ ٹاؤن کے پریسنٹ 27 میں پیش آیا۔

احمر کے دوست بلند خان نے آج ڈیجیٹل کو بتایا کہ حادثہ سڑک پر ڈائیورژن نہ ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ ”آنے والی گاڑیوں کو خطرات سے آگاہ کرنے کے لیے نہ لائٹیں تھیں اور نہ ہی ریفلیکٹرز،“ انہوں نے مزید کہا کہ حادثہ اس لیے پیش آیا کیونکہ ڈرائیور کو گڑھا نظر ہی نہیں آیا۔

صارف ماہا محمود نے پوسٹ کیا کہ ڈائی ہاٹسو میرا گاڑی کو حادثہ ایسٹرن سروس روڈ کے قریب پیش آیا۔

کئی صارفین نے نشاندہی کی کہ جوائے رائیڈرز اور سنسنی کے متلاشی اکثر بحریہ ٹاؤن جاتے ہیں اور ٹریفک کے ضابطوں کی پابندی نہیں کرتے جو اس طرح کے حادثات کا باعث بنتے ہیں۔

گزشتہ تبصرے کا جواب دیتے ہوئے صارف بلال احمد نے لکھا کہ ایسے واقعات کے لیے انتظامیہ کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔

”جب لوگ صاف سڑکیں دیکھتے ہیں، تو وہ تیز رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حادثات ہوتے ہیں۔“

چھیالیس ہزار ایکڑ پر پھیلا بحریہ ٹاؤن کراچی ملک کی سب سے بڑی نجی ملکیت والی ہاؤسنگ سوسائٹی ہے۔ اس میں صاف ستھری سڑکوں، متعدد لینڈمارکس اور سائٹس کا جال ہے جو لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔

پاکستان

Road Accident