وزیراعظم ہو یا جج قانون سے کوئی بالاتر نہیں: سراج الحق
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہماری نظر میں پاکستان کا چوکیدار ہو یا وزیر اعظم ، جج ہو یا بیوروکریٹ قانون سے بالاتر نہیں۔
گجرات میں حلف برداری کی تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ بتایا جائے کہ وزیرآباد میں شہید ہونیوالے مظلوم کا قاتل کون ہے؟
انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ عوام پی ڈی ایم اور پنجاب حکومت سے سوال پوچھ رہی ہے کہ مرنیوالے کی ایف آئی آر کس کے خلاف درج ہو اگر قاتل گرفتار نہ ہوں تو سمجھا جاتا ہے حکومت وقت زمہ دار ہے وزیر آباد حملہ کی آزاد ذرائع سے تحقیقات کر کے حقائق سامنے لائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آج جن اداروں کی شکایت کررہے ہیں کل یہی انکی پشت پر کھڑے ہو جائیں تو وہ کہیں گے ٹھیک ہیں پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی حکومتین اسٹیبلشمنٹ نے بنائیں اور یہ تجربہ ناکام رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا مطالبہ ہے کہ الیکشن ریفارمز پر سیاسی ڈائیلاگ ہونا چاہیے جس کے بعد انتخابات ہوں۔
سراج الحق نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چیف جسٹس اور سپہ سالار نیوٹرل ہیں یا نہیں اس کا جواب وہ خود ہی دے سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا اگر پاکستان کو قرضوں سے نجات دلانی ہے تو سودی نظام کو ختم کرنا ہو گا، اعظم سواتی کے ساتھ جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں یہ نہیں ہونا چاہیے لیکن یہ بھی ہے کہ یہ تمام حالات ان سیاستدانوں کے خود پیدا کردہ ہیں۔
Comments are closed on this story.