کراچی میں پی ٹی آئی کی ریلی، پلان بی پر عملدرآمد کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان نے کراچی کے احتجاجی مظاہرے میں بندرگاہ و سڑکیں بند کرنے کی دھمکی دے دی۔
عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے نمائش چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین مظاہرین نے بھی شرکت کی، احتجاج کے باعث نمائش چورنگی کے اطراف ٹریفک متاثر رہا جب کہ اس دوران پولیس کی نفری بھی ڈنڈے تھامے واقع پر موجود تھی۔
تحریک انصاف کارکنان ریلی کی صورت میں نمائش سے تبت سینسٹر پہنچے جس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ کا ایک ٹریک تبت سینٹر سے جامع کلاتھ جانے والا بند جب کہ تبت سینٹر سے نمائش جانے والا ٹریک ٹریفک کے لیے کُھلا رہا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا مختلف شہروں میں احتجاج، پرویز الہیٰ کیخلاف نعرے، ”پلان بی“ کا اعلان
گزشتہ رات شارع فیصل پر احتجاج میں پی ٹی آیی رہنما بلال غفار نے نمائش چورنگی پر شام 5 بجے احتجاج کی کال دی تھی۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے ہماری ریڈ لائن کراس کی، ہم سب عمران خان ہیں، یہ پاکستان کی بقا کا فیصلہ کن معرکہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کی جنگ عمران خان انفرادی حیثیت میں لڑ رہے ہیں، وہ اپنے لئے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے لڑ رہے ہیں جب کہ نئے پاکستان میں عمران خان پرائم منسٹر ہوں گے۔
بلال غفار نے کہا کہ ان کو جتنا ظلم کرنا ہے کر لیں، ہمارا جذبہ کبھی ختم نہیں ہوگا، ہم ٹی ٹوئنٹی نہیں بلکہ ٹیسٹ میچ کھیلیں گے اور آخری دس اوورز میں 100 رنز ماریں گے۔
ہم پورٹ ٹرسٹ، سُپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے بھی بند کرسکتے ہیں، بلال غفار
پی ٹی آئی رہنما نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پورٹ ٹرسٹ، سُپر ہائی وے کے علاوہ نیشنل ہائی وے بھی بند کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ریلی کے شرکاء کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ لوگوں نے تھکنا نہیں ہے، کسی وقت بھی کوئی کال آسکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اعظم سواتی کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ڈکٹیٹر شپ میں بھی نہیں ہوتا، یہ جہموریت کی بد ترین مثال ہے، میں سپریم کورٹ سے پوچھتا ہوں، عمران خان پر حملہ ہوئے تین دن ہو گئے لیکن ایک ایف آیی آر درج نہیں ہوئی۔
بلال غفار نے کہا کہ جب تک عمران خان کے مطالبات پورے نہیں ہوں گے ہمارا احتجاج جاری رہے گا، کارکنان میرے اگلے اعلان کا انتظار کریں، اب ہمارا لائحہ عمل کچھ اور ہوگا جب کہ کارکنان اپنے رشتے داروں اور دوستوں کو تیار رکھیں۔
اس موقع پر خرم شیر زمان نے کہا کہ میں آج ملک کے حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں کے مرنے کی ایک تاریخ مقرر ہے، میں کراچی میں نہیں تھا، خان صاحب کے ساتھ تھا۔
ہمارا لیڈر ہم کو اپنے بچوں سے بھی زیادہ عزیز ہے، خرم شیر زمان
خرم شیر زمان نے کہا کہ حکمرانوں سے کہتا ہوں اپنا قبلہ درست کر لیں، ہمارا لیڈر ہم کو اپنے بچوں سے بھی زیادہ عزیز ہے، عمران خان ہو گا تو یہ ملک بھی آگے بڑھے گا، ہم لڑیں گے، مریں گے اور اپنے مشن میں کامیاب ہوں گے۔
پی ٹی آیی رہنما راجہ اظہر احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب پلان بی کو اعلان کرنے کا وقت ہے جو کہ تیار ہے، اس کا اعلان کراچی کے صدر بلال غفار کریں گے۔
سندھ حکومت پولیس کو حرکت میں لاۓ گی تو اس بار کارکنان بھی حرکت میں آییں گے، راجہ اظہر
راجہ اظہر کا کہنا تھا کہ ہم وزیر اعلیٰ ہاؤس یا بلاول ہاؤس پر مارچ کریں گے، کل پولیس نے شارع فیصل پر پی ٹی آیی کے کارکنان پر تشدد کیا اور گر سندھ حکومت پولیس کو حرکت میں لاۓ گی تو اس بار کارکنان بھی حرکت میں آییں گے، اور ساری ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔
Comments are closed on this story.