پی ٹی آئی قیادت کی مقتول معظم گوندل کے گھر آمد، ورثاء کو 50 لاکھ دینے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت لانگ مارچ میں جاں بحق ہونے والے معظم کے گھر پہنچ گئی۔
فواد چوہدری، حماد اظہر اور ذلفی بخاری مقتول کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔
معظم گوندل کے بچے بھی فاتحہ خوانی میں شریک ہوئے، پی ٹی آئی کی قیادت نے بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اور سر پر پیار دیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں جواں سالہ موت کا صدمہ ہے۔ پسماندگان اور اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی قیادت کا کہنا تھا کہ انتہائی دکھ اور کرب والا معاملہ ہوا ہے ، اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے۔
فواد چوہدری نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے 50 لاکھ روپے کی رقم مقتول کے ورثاء کو دی جائے گی۔
مقتول معظم شہزاد کے گھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ معظم کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے سینکڑوں قیمتی جانیں بچائیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس واقعہ نے پاکستان کو ہلا کر رکھ دیا ہے، عوام کو اداروں پر اعتماد نہیں جب کہ وزیر آباد میں ایف آئی آئی بھی بہت جلد درج ہو جائے گی، یہ آج نہیں تو کل درج ہونی ہی ہے۔
اختر ملک نے کہا کہ پنجاب کابینہ نے مرحوم کے 50 لاکھ کا اعلان کیا ہے، معظم نے قوم کو نئی زندگی دی ہے، محسن کی قربانی لازوال بچوں نے باپ کو خود شہید ہوتے دیکھا اور ہمیں سارا واقعہ سنایا۔
اس موقع پر مقتول معظم کے والد نے پی ٹی آئی قیادت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے بچے کا خون رائیگاں نہیں جانا چاہئے۔
دوسری جانب مقتول معظم کی والدہ اور یتیم بچوں کو پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملوانے لاہور لے جایا گیا ہے۔
صوبائی وزیر اختر ملک سمیت سابق ناظم فیاض احمد چٹھہ بھی مقتول کے گھر پہنچے۔
اس موقعے پر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ معظم گوندل پورے پاکستان کی آن ہے۔
Comments are closed on this story.