عمران خان پر حملے کا ڈائریکٹراسرائیلی یا بھارتی ہے: شرجیل میمن
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان پر حملے کا ڈائریکٹر اسرائیلی یا بھارتی ہے، عمران خان کی لانگ مارچ بری طرح ناکام ہوچکی تھی، مارچ کی ناکامی کے بعد عمران خان پر حملے کا ڈرامہ رچایا گیا۔
کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ عمران خان کو چار گولیاں لگیں تو ان کو قریبی گجرات کے اسپتال میں جانے چاہیے تھا لیکن وہ شوکت خانم اسپتال چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر وزیراعظم سے اپیل کرتا ہوں کہ مشترکہ جے آئی ٹی بنائی جائے، انٹرنیشنل ڈاکٹرزکاایک میڈیکل بورڈ بناکرعمران کا معائنہ کروایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان غیرجمہوری زبان استعمال کررہے ہیں، عمران پر حملے کا ڈائریکٹراسرائیلی یا بھارتی ہے، عمران خان سوچی سمجھی سازش کے تحت اداروں کو بدنام کررہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان قوم کو گمراہ کررہے ہیں، عمران خان اداروں کے خلاف فساد چاہ رہا ہے،عمران خان گھناؤنی سازش کے ذریعے اچھے افسران کو بدنام کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، سازشی عناصر کا مقصد قوم کے اندر انتشار اور فساد برپا کرنا ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ وہ کون شخص ہے جس نے عمران خان کو بتایا کہ اس پر حملہ ہوگا؟ وہ کون شخص ہے عمران خان ان کا نام بتائیں۔
Comments are closed on this story.