امریکا نے عمران پر حملے کی مذمت کردی، تمام فریقین سے پرامن رہنے کا مطالبہ
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پرحملے کی سختی سے مذمت کی ہے۔
ٹوئٹر پراپنے بیان میں انٹونی بلنکن نے عمران خان کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا، ”امریکا سیاسی جماعت پرفائرنگ کے واقعے کی سختی سے مذمت کرتا ہے“۔
عمران خان اور دیگرتمام زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعاکرتے ہوئے انٹونی بلنکن نے واقعے میں جاں بحق شخص کے اہلخانہ سے بھی اظہارافسوس کیا۔
امریکی وزیرخارجہ نے پیغام دیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو پرامن رہنا چاہیے، سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بیان میں کہا کہ ہم تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تشدد، ہراساں کرنے اور ڈرانے سے بازرہیں۔
بیان میں مزید کہا کہ امریکا ایک جمہوری اور پرامن پاکستان کے لیے پرعزم ہے اور پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
کینیڈین وزیراعظم کی عمران خان پر حملے کی مذمت
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر حملے کی مذمت کی ہے۔
ٹوئٹر پراپنے ایک پیغام میں کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان اور ان کے حامیوں پر حملہ ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اس تشدد کی سختی سے مذمت کرتا ہوں کیونکہ سیاست، جمہوریت یا ہمارے معاشرے میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں‘۔
پاکستان پرگہری نظر رکھے ہوئے ہیں، بھارت
بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ پاکستان میں ہونے والی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ یہ ایک ایسی پیش رفت ہے، جس پر ہم قریب سے نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہم اس کی نگرانی کرتے رہیں گے۔
Comments are closed on this story.