Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی کا ملک بھر میں احتجاج، بڑے شہروں میں سڑکیں بند

مشتعل کارکنوں کی حکومت، وزیر داخلہ، آصف زرداری کے خلاف شدید نعرے بازی
اپ ڈیٹ 03 نومبر 2022 08:59pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

عمران خان پر قاتلانہ حملے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان نے ملک بھر میں مظاہرے شروع کردیئے ہیں۔ حملے کے کچھ ہی دیر بعد لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا کے دیگر شہروں اور کراچی میں کارکنان سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

گجرات

عمران خان پر مبینہ قاتلانہ حملے کے خلاف گجرات میں بھی کارکنان سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔

گجرات میں احتجاج کے باعث جی ٹی روڈ پر ٹریفک بلاک ہوگیا جب کہ مشتعل کارکنوں کی جانب سے حکومت، وزیر داخلہ، آصف زرداری کے خلاف شدید نعرے بازی کی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں دھرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کراچی

کراچی کے مختلف علاقوں میں عمران خان پر حملے کے خلاف کارکنوں کا احتجاج جاری ہے۔

شہرِ قائد کے درج ذیل علاقوں میں احتجاج کے باعث ٹریفک متاثر

  • شاہراہ فیصل
  • لانڈھی
  • نارتھ کراچی
  • فائیو اسٹار چورنگی
  • ماڑی پور روڈ
  • قائد آباد
  • مواچھ گوٹھ
  • نیشنل ہائی وے

کراچی کے پُل بند

  • ملینئم مال
  • عائشہ منزل
  • نرسری
  • تین تلوار
  • جناح برج

لاہور

لاہور کے شاہدرہ چوک پر تحریک انصاف کے کارکنان نے ٹائروں کو آگ لگا کر شاہراہ بند کر دی، لبرٹی چوک میں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج اور نعرے بازی کی۔

اس کے علاوہ شادمان، فیروز پور روڈ اور شوکت خانم اسپتال کے سامنے بھی احتجاج کیا گیا۔

پی ٹی آئی کارکنان کا جاتی امراء روڈ پر ٹائر جلا کر مظاہرہ جاری ہے جس کے باعث شریف خاندان کی رہائشگاہ جاتی امراء روڈ، لاہور روڈ اور رائیونڈ روڈ پر گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

لاہور میں ٹریفک کہاں متاثر ہے؟

  • شاہدرہ چوک
  • شوکت خانم چوک
  • گورنر ہاؤس چوک
  • لبرٹی چوک
  • لکشمی چوک
  • بابو صابو چوک
  • دبئی ٹاؤن چوک
  • فیروز پور روڈ
  • جاتی امراء روڈ
  • رائیونڈ روڈ
  • لاہور روڈ

خیال رہے کہ عمران خان شوکت خانم میں ہی زیر علاج ہیں۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ دارلحکومت میں میں حالات مکمل پرامن ہیں اور اسلام آباد میں تمام راستےکھلے ہیں۔

فیصل آباد

فیصل آباد کے گھنٹہ گھر اور اطراف کے بازار بند کروا دیے گئے ہیں، کارکنوں نے گھنٹہ گھر چوک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔

راولپنڈی

راولپنڈی میں پی ٹی آئی کارکنان نے ٹائرجلا کر مری روڈ پر دھرنا دے دیا ہے۔

سیالکوٹ

سیالکوٹ کے علاقے رنگپورہ سمیت شہر کے متعدد روڈز بلاک کردئیے گئے۔

کامونکی

کامونکی میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے گوجرانوالا روڈ اور جی ٹی روڈ بلاک کرکے احتجاج کیا جا رہا ہے۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں پی ٹی آئی کارکنان عمران خان کے کنٹینر پر فائنگ کے خلاف احتجاج کے لئے سیکرٹریٹ پہنچنا شروع ہوگئے۔

ملتان

وزیر آباد میں حقیقی آزادی مارچ پر فائرنگ کے خلاف ملتان میں بھی پی ٹی آئی کارکنان سڑکوں پر نکل آئے ہیں جہاں حکومت مخالف نعرے بازی کی جا رہی ہے۔

سرگودھا

سابق وزیراعظم اور تحریک اںصاف رہنماؤں کے ساتھ فائرنگ کا واقعہ پیش آتے ہی سرگودھا میں پارٹی کارکنان سڑکوں پر نکل آئے جس کے باعث شہر مکمل طور پر بند ہوچکا ہے۔

سرائے عالمگیر

عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے خلاف سرائے عالمگیر میں میں پی ٹی آئی کارکنان سراپا احتجاج ہیں جہاں حکومت مخالف نعرے بازی کی جا رہی ہے۔

چشتیاں

چشتیاں میں بھی عمران خان کے ساتھ وزیر آباد میں ناخوشگوار واقعے کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے ختم نبوت چوک میں احتجاجی مظاہرہ جاری ہے۔

اس کے علاوہ بہاولپور، رائے ونڈ، ، لکی مروت، جہلم، میانوالی، ساہیوال، ٹنڈوالہ یار، بھکر، صادق آباد، ہنگو، نواب شاہ اور سوات میں بھی احتجاج شروع ہوچکا ہے۔

lahore

PTI long march 2022

Imran Khan Container

Azadi March Nov3 2022