پی آئی اے کو 67 ارب روپے کا نقصان
قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز کو رواں سال ستمبر تک 67 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، بھاری نقصان کے باعث ادارہ قومی خزانے پر بوجھ بن گیا۔
گزشتہ سال 9 ماہ میں پی آئی اے کو 42 ارب روپے خسارہ ہوا تھا جو رواں سال کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ گیا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج کو مالی نتائج سے متعلق ارسال کردہ خط کے مطابق رواں سال جنوری سے ستمبر تک 9 ماہ میں پی آئی اے کا خسارہ 57 .8 فیصد بڑھ گیا تاہم ادارے کی آمدنی 144 فیصد بڑھ کر 120 ارب 64 کروڑ روپے رہی۔
روپے کی بے قدری اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے خدمات کی لاگت بڑھ کر 125 ارب 15 کروڑ روپے تک جا پہنچی ساتھ ہی فیول کی لاگت 314 فیصد کے نمایاں اضافے سے 55ارب 75کروڑ روپے پر پہنچ گئی ہے۔
پی آئی اے کے مطابق اسے 9 ماہ میں ساڑھے چار ارب روپے کا خالص نقصان ہوا اور ادارے کے انتظامی اخراجات تین ارب 96 کروڑ روپے سے بڑھ کر چارارب 62 کروڑ روپے ہوگئے ہیں۔
Comments are closed on this story.