Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
14 Jumada Al-Awwal 1446  

اگر ہمارے ساتھ لوگ نہیں ہیں تو آپ کو خوف کس بات کا ہے؟ فواد چوہدری

نوازشریف کہتے ہیں کہ مارچ میں چند ہزار لوگ ہیں
شائع 01 نومبر 2022 12:58pm
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ اسکرین گریب

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشریف کہتے ہیں کہ مارچ میں چند ہزار لوگ ہیں، اگر ہمارے ساتھ لوگ نہیں ہیں تو آپ کو خوف کس بات کا ہے؟ حکومت نے اسلام آباد کو قلعہ میں کیوں تبدیل کیا ہے؟۔

چن دا قلعہ میں تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جمعرات کو جہلم اور جمعہ کو لالہ موسیٰ پہنچیں گے، گجرات میں چوہدری پرویز الہٰی کے گھر پر قیام ہوگا، اتوار تک اسلام آباد پہنچنے کا پلان ممکن نہیں رہا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ سیالکوٹ جانے کا پروگرام منسوخ کردیا ہے، سیالکوٹ گئے تو کم از کم 15 دن لگیں گے، ہزاروں لوگ پیدل سفر کررہے ہیں، اگر قافلے کی رفتار بڑھائی تو حادثات ہوسکتے ہیں، اسی لئے لوگوں کے ساتھ آہستہ آہستہ چل رہے ہیں، 10 سے 12 کلو میٹر سے زیادہ کا سفر ہو نہیں پارہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کہہ رہے ہیں کہ مارچ میں چند ہزار لوگ ہیں، حکومت کو ہمارے حقیقی آزادی مارچ سے کیا خوف ہے، جب ہمارے ساتھ لوگ نہیں تو آپ کو خوف کس بات کا ہے؟ جھوٹ بولنے میں ان لوگوں کا کوئی ثانی نہیں ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت نے اسلام آباد کو قلعہ میں تبدیل کردیا ہے، وفاقی حکومت نے اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لئے 41 کروڑ کی گرانٹ جاری کی، حکومت مارچ کی سیکیورٹی کے لئے 9 ہزار اہلکار تعینات کررہی ہے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ریت کے گھروندے کی طرح ہے، ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف نے فتح کے جھنڈے گاڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو حکومت چننے کا حق دیا جائے۔

pti

Shah Mehmood Qureshi

press conference

Fawad Chaudhary

PTI long march 2022

Azadi March Nov1 2022