Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی میں جعلی بریگیڈیئر بھتہ خور ساتھیوں سمیت گرفتار

ملزمان گزشتہ دو سالوں سے پاک فوج اور نیب کے افسران بن کے معصوم شہریوں کو لوٹتے رہے
اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2022 11:59pm
فوٹو — فائل
فوٹو — فائل

کراچی: درخشاں پولیس نے کارروائی کرتے پوئے پاک فوج کے نام پر ناپاک کارروائیوں میں ملوث جعلی بریگیڈیئر بھتہ خور کو اس کے کارندوں سمیت گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق 6 ملزمان پر مشتمل گروہ گزشتہ دو سالوں سے کبھی پاک آرمی تو کبھی قومی احتساب بیورو(نیب) کے افسران بن کے معصوم شہریوں کو لوٹتے رہے۔

اسد رضا نے بتایا کہ حال ہی میں ایک تازہ واردات میں ملزمان نے خود کو نیب کا ڈائریکٹر جنرل ظاہر کیا اور ایک سرکاری محکمہ کے ڈائریکٹر سے رابطہ کرکے رقم کا تقاضا کیا، ملزمان سرکاری محکمے کے ڈائریکٹر سے اب تک 15 لاکھ روپے وصول کر چکے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق پیسے وصولی کے دوران ہی متاثرہ شخص نے پولیس کو آگاہ کرکے معاملے سے مطلع کیا جس کے بعد درخشاں پولیس نے نہایت حکمت عملی سے کاروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث گروہ ‏کے سربراہ سمیت 6 کارندے گرفتار کر لیے۔

ایس ایس پی جنوبی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت سید سجاد علی، ماجد علی، محمد منصور، محمد ارسلان، بابر علی اور محمد اویس کے ناموں سے ہوئی جب کہ ملزمان کے سابقہ کریمنل ریکارڈ کی چیکنگ جاری ہیں جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

اسد رضا نے بتایا کہ ملزمان کے کچھ ساتھی دبئی میں موجود ہیں جنکی گرفتاری کے لیے قانونی تقاضے پورے کئے جا رہے ہیں۔

FIR

Crime

Karachi Police