ٹی 20 ورلڈ کپ: نیدرلینڈز کا پاکستان کو جیت کیلئے 92 رنز کا ہدف
آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں نیدر لینڈز نے پاکستان کو جیت کے لئے 92 رنز کا ہدف دے دیا۔
آسٹریلیا کے شہر پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ابتدا سے ہی پاکستانی بالرز نے کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
نیدرلینڈز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر محض 91 رنز بناسکی، کولن ایکرمین نے سب سے زیادہ 27 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اسکاٹ ایڈورڈز 15 رنز بناکر نمایاں رہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں اسٹیفن مائیبرگ 6، میکس او ڈاؤڈ 8، ٹام کوپر 1، ٹم پرنگل 5، فریڈ کلاسن صفر جبکہ لوگن وین بیک نے 6 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 3، محمد وسیم جونئیر نے 2 جبکہ حارث رؤف، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیدرلینڈز کے خلاف میچ کے لئے قومی کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، مڈل آرڈر بیٹر حیدر علی کی جگہ فخر زمان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔
اس کے علاوہ ٹیم میں کپتان بابر اعظم ، نائب کپتان شاداب خان ، محمد رضوان،شان مسعود، افتخار احمد ، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر،شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف ٹیم میں شامل ہیں۔
پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک کوئی میچ نہیں جیت سکی ہے، قومی ٹیم کو ابتدائی 2 میچز میں بھارت اور زمبابوے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
Comments are closed on this story.