Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سندھ ہائیکورٹ کا بل بورڈز اور ہورڈنگز کیخلاف مؤثر کارروائی کا حکم

سندھ ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا
اپ ڈیٹ 28 اکتوبر 2022 03:02pm

سندھ ہائیکورٹ نے بل بورڈز اور ہورڈنگز کے خلاف موثرکارروائی کا حکم دے دیا، عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے بل بورڈ ز اور سائن بورڈز کے خلاف کارروائی کے لئے ناظر کو نگراں مقرر کرتے ہوئے کراچی کی24اہم شاہراہوں پر بھرپور کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

تحریری حکم نامے میں کراچی کے ایم اے جناح روڈ، شارع فیصل ، شارع قائدین، یونیورسٹی روڈ، منگھوپیر روڈ، ڈاکٹر ضیاالدین روڈ، ٹیپو سلطان روڈ ، ابوالحسن اصفہانی روڈ، شارع پاکستان، کلب روڈ، شہید ملت روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، راشد منہاس روڈ، نشتر روڈ ،ایم ٹی خان روڈ، شارع فردوسی، ایوان تجارت روڈ، عبداللہ ہارون روڈ، کورنگی انڈسٹریل ایریا اور منگھوپیر روڈ پر سائن بورڈز کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا۔

عدالت نے ناظرسندھ ہائیکورٹ کو تمام علاقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سے کارروائی کی رپورٹ طلب کرنے کا حکم بھی دیا۔

سندھ ہائیکورٹ نے فلائی اوورز، پیڈسٹیرین برجز اور تمام پبلک پراپرٹیز سے سائن بورڈز بھی ہٹانے کا حکم دے دیا۔

عدالت کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق بل بورڈز کے خلاف کارروائی کی جائے۔

سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے سندھ حکومت، کے ایم سی اور تمام کنٹونمنٹ بورڈز کو 15نومبر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالت کا کہناہے کہ سپریم کورٹ نے پبلک پراپرٹیز، ہیڈ برج، پیڈسٹیرین برج اور سروس لائنز پر بل بورڈز نہ لگانے کا حکم دیا تھا، عدالت عظمیٰ نے 17 اکتوبر 2018 کو بل بورڈز اورہورڈنگز پر پابندی کا حکم دیا تھا، سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل درآمد کیا جائے۔

اشتہاری کمپنیز نے بل بورڈز پر کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے ٹیکس لیوی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے ۔

سپریم کورٹ نے 2018 میں از خود نوٹس کیس میں پبلک پراپرٹیز پر بل بورڈز، ہورڈنگز اورپینا فلیکس پر پابندی کا حکم دیا تھا ۔

Sindh High Court

BillBoard Case