Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سعودی ولی عہد جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، شہباز شریف مکہ پہنچ گئے

گورنر نے جدہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا
اپ ڈیٹ 26 اکتوبر 2022 11:47am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کرلی، جہاں انہوں نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی۔

وزیر اعظم اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کے لئے جدہ پہنچے تو گورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جوالی نے ان کا جدہ ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

شہباز شریف اور ان کے وفد نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی، وزیراعظم شہباز شریف کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ بھی کھولا گیا۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو، وزیردفاع خواجہ آصف، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم نے حجرہ اسود کوبوسہ بھی دیا، اس موقع پر شہبازشریف نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی۔

وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی امور سمیت دیگر اہم ایشوز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی ولی عہد نے پاکستان کی ہرممکن مدد جاری رکھنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے جلد دورہ پاکستان کا اعلان کیا، جس میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مضبوط کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

شہزادہ محمد بن سلمان اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب معیشت سمیت پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ شاندار ملاقات ہوئی، ہم نے بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور برادرانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک بڑھانے اور بڑھانے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے شہزادہ محمد بن سلمان کو بتایا ہے کہ پاکستان کے لوگ آپ کے دورے کے بے صبری سے منتظر ہیں۔

وزیراعظم کی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس میں شرکت

وزیراعظم نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صحت اور تعلیم میں ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے کے لئے اقدامات کیے، پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوان طبقے پر مشتمل ہے جنہیں جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

واضح رہے وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا 2 روز دورہ کر رہے ہیں۔

Saudia Arabia

Saudi Crown Prince

umrah

Mohammad Bin Salman

PM Shehbaz Sharif