عمران خان کرم ایجنسی کا الیکشن لڑیں گے: علی ظفر
رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر علی ظفر کا کہنا ہے کہ عمران خان صرف میانوالی سیٹ سے نا اہل ہوئے ہیں، لہٰذا وہ کرم ایجنسی سے انتخاب لڑیں گے۔
آج نیوز کے پروگرام ’اسپاٹ لائٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ سیشن کورٹ کو بھیج دیا ہے جس سے مستقبل کے انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ لوگوں کومعلوم تھا عمران خان اسمبلی میں نہیں جائیں گے جس کے باوجود بھی عوام نے ضمنی انتخابات میں عمران کو ووٹ دیا اور انہیں دوبارہ 6 سیٹوں پر واپس لے کر آئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تحائف کے چالان الیکشن کمیشن کودے دیئے تھے، آرڈر میں کہیں بھی نہیں لکھا ہوا کہ پیسے نہیں دیئے گئے۔
علی ظفر نے کہا کہ ہم پر الزام تھا کچھ تحائف دیکھائے گئے اور کچھ نہیں، جس پر ہم نےجواب دیا کہ 30 جون تک وہ تحائف ہمارے پاس نہیں کیونکہ ہم انہیں فروخت کر چکے تھے۔
اس موقع پر جمعیت علما اسلام کے سینیٹر کامران مرتضٰی نے کہا کہ ابھی تک عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد نہیں ہوئے، عدالتی حکم نہ آنے تک وہ الیکشن لڑ سکتے ہیں البتہ سیشن کورٹ میں یہ معاملہ مجرمانہ پہلوؤں کی صورت میں چلے گا۔
Comments are closed on this story.