Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیراعظم کی اداروں کیخلاف بلا جواز نعرے بازی کی مذمت

ایسے فورمز کا مسلح افواج کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کرنا افسوسناک ہے
اپ ڈیٹ 25 اکتوبر 2022 12:02am
وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو — فائل
وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو — فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے اداروں کے خلاف بلا جواز نعرے بازی کی مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں شہباز شریف کہا کہ اتحادی حکومت آئین کے مطابق ہر شہری کے آزادی اظہار کو یقینی بنانے کے پختہ عزم پر کار بند ہے، حکومت شہریوں کو خود ایسے فورمز مہیا کرتی ہے جہاں وہ عوامی اہمیت کے امور پر اپنے اختلافی نکتہ نظر اور آرا کا پوری آزادی سے اظہار کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایسے فورمز کا فروعی سیاسی مفادات کے لئے ریاستی اداروں بالخصوص مسلح افواج کو نشانہ بنانے کے لئے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے افسران اور جوان اندرونی و بیرونی خطرات سے ملک کو بچانے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آزادی اظہار رائے کے بنیادی حقوق کو بر قرار رکھنے کی قوم کو یقین دہانی کراتے ہوئے اتوار کو ریاستی اداروں کے خلاف بلاجواز نعرہ بازی کی مذمت کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں ایک کانفرنس کے دوران اداروں کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی تھی۔

Shehbaz Sharif

lahore

Pakistan Armed Forces