Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران خان کے خلاف فوجداری کا مقدمہ درج ہوگا: وزیر داخلہ

قومی اہمیت کے تمام فیصلےآئین اور قانون کے مطابق ہوں گے، رانا ثناء
شائع 21 اکتوبر 2022 06:24pm
فوٹو — پی پی آئی
فوٹو — پی پی آئی

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ ریفرنس میں نا اہل قرار دیے جانے کے بعد اب عمران خان کے خلاف فوجداری کا مقدمہ درج ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کو بہترین فیصلہ دینے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، تمام تنظیمیں، پارلیمنٹیرنز الیکشن کمیشن سے اظہار یکجہتی کے لئے باہر نکلیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک دشمن ایجنڈے پر کار فرما ہے، آئی جی، چیف سیکرٹری پنجاب عمران خان کے بجائے ریاست سے وفاداری کریں، ابھی تو ایک کیس کا حساب ہوا ہے اور مزید اربوں روپے کا حساب دینا باقی ہے، لہٰذا عمران خان عوام کے لئیے مشکلات پیدا کرنے کے بجائے قانونی راستہ اپنائیں۔

وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی مظاہرین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ فسادی ٹولے کو خبردار کرتا ہوں امن و امان خراب کرنے کی کوشش نہ کریں۔

مزید پڑھیں: مکمل کوریج: عمران خان کی نااہلی، فوجداری مقدمے کا سامنا، الیکشن کمیشن کے باہر فائرنگ

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے توشہ خانہ تحائف بیچ کر ملک کی جگ ہنسائی کرائی، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد وہ سرٹیفائیڈ چور ثابت ہوچکے ہیں، ای سی پی نے عمران کو آئین کے آرٹیکل 63 ون پی کے تحت نا اہل قراردیتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیا ہے، لہٰذا ان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج ہوگا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے جس میں پی ٹی آئی کی جعلی مقبولیت کا بھانڈا پھوٹ جائے گا جب کہ قومی اہمیت کے تمام فیصلےآئین اور قانون کے مطابق ہوں گے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو پانچ برس تک سرکاری عہدے کے لیے نااہل قرار دیا ہے۔

ECP

اسلام آباد

Rana Sanaullah

politics Oct 21

Imran Khan Disqualification