Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نا اہلی فیصلہ، عمران خان کی کارکنان کو دھرنے ختم کرنے کی ہدایت

الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو نااہل قراردیا ہے
اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2022 10:49pm
فوٹو — رائٹرز
فوٹو — رائٹرز

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کے کارکنان سڑکوں پرنکل آئے ہیں۔

پی ٹی آئی کارکنان فیض آباد پہنچے جہاں مظاہرین نے سڑک بلاک کی، مظاہرین میں ایم این اے راشد شفیق بھی شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: مکمل کوریج: عمران خان کی نااہلی، فوجداری مقدمے کا سامنا، الیکشن کمیشن کے باہر فائرنگ

فیض آباد پر پولیس اور مظاہرین آمنے سامنے آئے، مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے آنسو گیس شیلنگ کی۔

سندھ

کراچی میں پی ٹی آئی کی احتجاجی ریلی شاہراہ فیصل سے الیکشن کمیشن کے باہر پہنچی، ریلی کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی روانگی شدید متاثر ہوئی جب کہ ایس ایس پی شرقی عبدالرحیم خود پولیس نفری کے ہمراہ موجود تھے۔

کراچی میں قائم الیکشن کمیشن کے دفترکے باہر پولیس کی نفری موجود تھی، صوبائی الیکشن کمیشن کے مرکزی دروازے پر بیریئر لگا دیے گئے۔

پی ٹی آئی کارکنان نے پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کی سربراہی میں صوبائی الیکشن کمیشن آفس کے باہر دھرنا دیا جسمیں کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے نعرے ای سی پی کے فیصلے کے خلاف نعرے بازی کی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف حیدرآباد میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے، جنہوں نے حیدر چوک پر ٹائر نذر آتش کیے۔

سکھر میں عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج کیا اور ملٹری روڈ پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کی جسے بعدِ ازاں کھول دیا گیا۔

اس کے علاوہ خیرپور میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور انصاف ہاؤس سے پریس کلب تک ریلی نکالی۔

گھوٹکی میں بھی پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے احتجاج کیا گیا، کارکنان کے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر شدید نعرے بازی کی۔

عمران خان کو نااہل قرار دیے جانے والے فیصلے کے خلاف سانگھڑ میں تحریک انصاف کے کارکن سراپا احتجاج رہے جنہوں نے میرپورخاص روڈ کو بند کردیا۔

عمرکوٹ میں پی ٹی آئی کارکنان کو ڈاکٹر علی نواز شاہانی کی قیادت میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرا کیا گیا۔

کندھ کوٹ میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کیا، اس موقع پر کارکنان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن مافیا بن چکی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کو نااہل قرار دیے جانے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان نے سکرنڈ میں قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیا، جس کے باعث ہائی وے بلاک کردی گئی تھی۔

 کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان کا احتجاج
کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان کا احتجاج

خیبرپختونخوا

پشاور میں تحریک انصاف کارکنان سڑکوں پرنکل آئے اور رنگ روڈ پل کے مقام پر روڈ ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔

ہری پور میں پی ٹی آئی کے عہدران وکارکنان کی جانب سے ضلع بھر میں احتجاج کیا گیا۔ جی ٹی سرائے صالح ہری پور شہر حطار میں ٹائروں کو آگ لگا کر روڈ بلاک کیے گئے۔

مردان میں بھی عمران خان کی نااہلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس دوران مظاہرین نے ٹائر جلا کر روڈ بند کیا۔

مانسہرہ میں بھی پی ٹی آئی ورکرز نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے شاہراہ کاغان کو بند کیا گیا۔

پنجاب

ملتان میں پی ٹی آئی کارکنوں نے موٹر وے ایم فائیو بلاک کرکے دھرنا دیا، جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ قیادت کے فیصلے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب لاہورمیں جیل روڈ پر ہونے والے مظاہرے میں کارکنان الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی، مظاہرے میں خواتین نے بھی شرکت کی۔

 تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر

فیصل آباد میں پی ٹی آئی ورکرز کی جانب سے نڑوالا روڈ پر احتجاج کیا، مظاہرین نے امین پور انٹرچینج پر دھرنا دے کر موٹروے بند کی، جس کے باعث موٹروے کے دونوں راستے بلاک کر دیئے گئے۔

اوکاڑہ میں بھی جی ٹی روڈ پر احتجاج کیا گیا، پی ٹی آئی کارکنان نے عمران خان کے حق میں نعرہ بازی کی جب کہ جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔

قصور میں تحریک انصاف کارکنان نے فیروز پور روڈ کو ٹول پلازہ پر گاڑیاں کھڑی کرکے بند کیا۔ فیروز پور روڈ پر مصطفیٰ آباد ٹول پلازہ پر پی ٹی آئی کارکنان نے شدید احتجاج کیا۔ پی ٹی آئی کے عہدیداران مسز مزمل مسعود بھٹی، خالد زیب کمبوہ اور مقصود صابر انصاری سمیت دیگر رہنما بھی مظاہرے میں شریک ہوئے۔

بہاولپور میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے قومی شاہراہ دریائے ستلج پل پراحتجاج کیا گیا ہے، کارکنان نے سندھ اور پنحاب کو ملانے والی قومی شاہراہ بلاک کی، قومی شاہراہ بلاک ہونے سے مسافروں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سیالکوٹ میں عمران خان کی نااہلی کیخلاف نیکاپورہ چوک پل ایک پر احتجاجی مظاہرہ کیا جا رہا ہے، کارکنوں نے الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

مری میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی مری کے ورکرز کی بڑی تعداد نے جی پی او چوک مری میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔

جڑانولا میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کا احتجاج جاری ہے، مظاہرین نے 240 موڑپرروڈ بلاک دیا۔

قصور میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کےخلاف پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بائی پاس بلاک کیا

رائے ونڈ میں پی ٹی آئی کارکنوں نے لاہور روڈ بلاک کردیا، جس کے باعث کوٹ رادھا کشن آنیوالی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

منڈی بہاؤالدین میں پی ٹی آئی کارکنان سراپا احتجاج رہے، مظاہرین نے کنگ چوک پر ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی تھی جسے ٹریفک کے لئے بحال کردیا گیا ہے۔

عارف والا میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کرکے لاری اڈہ چوک کو بلاک بند کیا۔

جہلم میں عمران خان کی نااہلی کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان سراپا احتجاج بن گئے ہیں، جادہ کے مقام پر ٹائر جلا کر جی ٹی روڈ بلاک کیا گیا۔

صادق آباد میں بھی عمران خان کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

میانوالی میں وتہ خیل چوک پر پی ٹی آئی کارکنان نے ٹائر جلا کر روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے۔

حافظ آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سےاحتجاج کرتے ہوئے ٹائر نذر آتش کر کے روڈ بلاک کیا گیا

بلوچستان

کوئٹہ میں پی ٹی آئی کے کارکنان مختلف علاقوں سے منان چوک پہنچے جب کہ کارکنوں نے منان چوک ٹریفک کے لیے بند کیا۔

جعفرآباد میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے عمران خان کی نااہلی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کارکنوں نے عمران خان کے حق اور الیکشن کمیشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

ڈیرہ اللہ یار کے مزدور چوک پراحتجاج کرتے ہوئے کارکنوں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے امپورٹڈ حکومت کوخوش کرنے کے لئے غلط فیصلہ دیا ہے، پی ٹی آئی کے کارکنان اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد میانوالی این اے 95 سے بھی عمران خان ڈی سیٹ ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو نااہل قراردے دیا۔

عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے فیصلہ سنایا۔

ECP

imran khan

protest

politics Oct 21