Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
10 Rajab 1446  

توشہ خانہ فیصلے سے قبل پی ٹی آئی ورکرز کہاں ہیں؟

الیکشن کمیشن توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ دوپہر2 بجے سنائے گا
شائع 21 اکتوبر 2022 01:16pm
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

الیکشن کمیشن چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ آج دوپہر2 بجے سنائے گا۔ 19 ستمبرکو محفوظ کے جانے والا یہ فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عمران خان سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

ملکی تاریخ کے اس اہم ترین کیس میں غلط بیانی کرنے پرعمران خان کو نااہلی کا سامنا بھی کرنا پڑسکتا ہے جسے وہ عدالت عالیہ یا عظمیٰ میں چیلنج کرسکتے ہیں۔

ماضی میں ہم دیکھتے رہے ہیں کہ عمران خان کی کسی بھی موقع پرعدالت میں پیشی ہویا اپوزیشن اتحاد کی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد حکومت ہاتھ سے جانے پر پارٹی بیانیہ،عمران خان کے کہے ایک ایک لفظ کی بھرپور تائید ہمیں سوشل میڈیا پر نظر آتی ہے۔

پی ٹی آئی سوشل میڈیا سیل کو ملکی تاریخ کا طاقتور ترین سیل سمجھا جاتا ہے جہاں کسی بھی معاملے پرعمران خان کی حمایت اور ان کے موقف کی تائید میں بھرپور طاقت صرف کی جاتی ہے کہ چند ہی گھنٹوں میں معاملہ ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو جاتا ہے۔ سائفر والے معاملے پرغداری کا بیانیہ اس کی سب سے بڑی مثال ہےجس نے کسی قسم کا واضح ثبوت نہ ہونے کے باوجود عمران خان کی پوزیشن کو انتہائی مستحکم کیے رکھا۔

لیکن آج سوشل میڈیاپرپی ٹی آئی کارکنوں کا جوش وخروش ماند ہے، توشہ خانہ ریفرنس کے اہم ترین فیصلے سے قبل سوشل میڈیا پر وہ گہما گہمی نظرنہیں آرہی جو ماضی میں اس جماعت کا خاصہ رہی ہے۔

ہیش ٹیگ کے ساتھ عمران خان ہماری ریڈ لائن اور ایبسلوٹلی ناٹ سمیت دیگر ٹرینڈ ضرور ٹاپ 10 میں شامل ہیں لیکن اس میں زیادہ تر ٹویٹس آپ کوپی ٹی آئی رہنماؤں یا مختلف شہروں کے اپنے پی ٹی آئی آفیشل ہینڈلز سے نظر آئیں گی۔

سوشل میڈیا تو ایک طرف ، زمینی سطح پربھی پی ٹی آئی ورکرز آج میدان میں نظر نہیں آرہے۔ الیکشن کمیشن کے اطراف میں پارٹی کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے رینجرز، ایف سی اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، اسلام آباد انتظامیہ نے ہنگامہ آرائی سے بچنے کے لیے بڑی تعداد میں آنسو گیس کے شیلزتک پہنچا دیے ہیں لیکن تاحال پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے کوئی گہما گہمی نظرنہیں آتی۔

پارٹی قیادت کو بھی شاید آج کارکنوں میں جوش وخروش کی کمی کھل رہی ہے، پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کارکنوں کو اپنی ٹویٹ میں ہنگامی طور پرکراچی کے انصاف ہاؤس پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس کافیصلہ آنے میں زیادہ دیرنہیں ، جس کے بعد صورتحال واضح ہوجائے گی کہ جماعت کے کارکنوں کی یہ خاموشی کسی مقصد سے ہے یا پھرموجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی قیادت پرعائد کیے جانے والے الزامات ان کی سیاسی بصیرت پراثرانداز ہورہے ہیں۔

pti

ECP

imran khan

Election commission of Pakistan

tosha khana case