اسلام آباد ہائیکورٹ: آصف زرداری کی بریت کے خلاف اپیلیں خارج
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی بریت کے خلاف اپیلیں خارج کردیں ۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے آصف زرداری کی 4 ریفرنسز میں بریت کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔
جسٹس اطہرمن اللہ نے ریماکس دیے کہ نیب کے پاس میرٹ پر کوئی کیس نہیں ہے، جس پر پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ ہم نے کیسز واپس لینے کی درخواست دائر کی ہے۔
مزید پڑھیں: نیب کا آصف زرداری کی بریت کے خلاف اپیلیں واپس لینے کا فیصلہ
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے مزید ریمارکس دیے کہ عدالت نے آپ کو کئی بار کہا کہ یہ اپیل میرٹ پر بھی نہیں بنتی، جس پر پراسیکیورٹر نے کہا کہ متعلقہ اتھارٹی نے اپیلیں واپس لینے کی منظوری دی۔
جسٹس اطہر من اللہ نے سوال کیا کہ کیا نیب نے کوئی انکوائری کی کہ کیس کا ریکارڈ کہاں گیا؟ جس پر پراسیکیوٹر نیب نے جواب دیا کہ انکوائری کا حکم دیا گیا تھا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ ہم نیب کی اپیلیں واپس لینے کی درخواست بھی منظور کررہے ہیں، نیب کی اپیلیں میرٹ پر خارج بھی کررہے ہیں ، یہ اپیلیں میرٹ پر بنتی ہی نہیں تھیں۔
گزشتہ روز نیب نے آصف زرداری کی بریت کے خلاف اپیلیں واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
نیب کی جانب سے 4 ریفرنسز میں اپیلیں واپس لینے کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ آصف زرداری اُرسس ٹریکٹر، اے آر وائی گولڈ ، پولو گراؤنڈ اور ایس ایس جی کو ٹیکنا میں بری ہوئے تھے جبکہ نیب نے آصف زرداری کی بریت کو 2015 سے چیلنج کر رکھا تھا۔
Comments are closed on this story.