Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اعظم سواتی مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

گزشتہ سماعت پر عدالت نے میڈیکل کا حکم دیا تھا، بابر اعوان
اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2022 03:23pm
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی- اسکرین گریب
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی- اسکرین گریب

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اداروں کے خلاف متنازعہ ٹوئٹس کے مقدمے میں گرفتار سینیٹر اعظم سواتی کو تفتیش کے لیے مزید ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ہے۔

سینیٹر اعظم سواتی کو جوڈیشل مجسٹریٹ محمد شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا، ایف آئی اے نے اعظم سواتی کی ٹوئٹس کے مکمل ریکارڈ کے ساتھ مقدمہ کی فائل عدالت میں پیش کی۔

اسپیشل پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی نے اعظم سواتی کے مزید 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عدالت اس کیس میں 15 دن تک کا فزیکل ریمانڈ دے سکتی ہے- ٹوئٹر کے ویریفائیڈ اکاؤنٹ سے ٹویٹ ہونا ثابت شدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی کے ویریفائیڈ اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی گئی تھی جس میں شدید ہتک آمیز الفاظ استعمال کیے گئے۔ صرف یہ ہی ایک ٹوئٹ نہیں بلکہ اعظم سواتی کے اکاؤنٹ سے پہلے بھی اسی طرح کی ٹوئٹس ہوتی رہی ہیں۔ انہوں نے لمبے عرصے سے منظم ٹوئٹس کیں جن کا ریکارڈ موجود ہے۔

پیکا کی سیکشن 20 کے تحت مقدمہ درج ہوا ہے اوراعظم سواتی تفتیش کے دوران تعاون بھی نہیں کر رہے، ابھی پاسورڈ ریکور کرنا ہے۔ اگر ملزم کے حق میں ریکارڈ پہ کچھ آیا تو وہ بھی عدالت کے سامنے پیش کریں گے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ موبائل ریکور ہوا ہے جس سے ٹوئٹ ہوئی؟

جس پر اعظم سواتی نے کہا کہ میں نے وہ موبائل گھر سے باہر پھینک دیا تھا اس میں فیملی کی گھر کی تصویریں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں جب مان رہا ہوں ٹوئٹ میں نے کیا تو پھر ان کو کیا چاہیے؟

اعظم سواتی کے وکیل بابراعوان نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا اب تفتیشی نے کیا تفتیش کرنی ہے کہ پیچھے عمران خان تھا یا جو بائیڈن؟ تفتیشی افسرکو ٹوئٹ چاہئے اور اعظم سواتی وہ مان رہے ہیں۔

بابر اعوان نے کہا میں آئندہ سماعت پر ریکارڈنگز لے کرآؤں گا کہ کس نے کس وقت کیا کہا؟

ایف آئی اے نے اعظم سواتی کے گھر سے چالیس اشیاء قبضہ میں لیں۔ میں نہیں بتانا چاہتا کہ کون ڈاکٹرز کو میڈیکل لکھنے سے روکتا ہے۔ میں انکے حلیے نہیں بتانا چاہتا اعظم سواتی کو بھی منع کر دیا ہے۔

اس سے قبل، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم سواتی کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیر ریلوے اعظم سواتی کو رات گئے قانون نافذ کرنے والے ادارے نے اسلام آباد چک شہزاد کی رہائش گاہ سے گرفتارکیا۔

خاندنی ذرائع نے اعظم سواتی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ رات 3 بجے کچھ افراد فارم ہاؤس پر آئے اوراعظم سواتی کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے۔

اسلام آباد

court

Azam Khan Swati