اسلام آباد ہائیکورٹ نے جاوید لطیف کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے دہشت گردی کے 2 مقدمات میں وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے جاوید لطیف کے خلاف درج دہشت گردی کیس میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف اپنے وکیل سردار تیمور اسلم کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
ان کے وکیل نے استدعا کی کہ لاہور اور پشاور میں درج مقدمات کے لئے حفاظتی ضمانت چاہیئے، جاوید لطیف کے حلقے میں 16 اکتوبر کو الیکشن ہے، یہ وہاں جانا چاہتے ہیں لیکن اس وجہ سے وہاں نہیں جا رہے، ہم چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات طلب کیں جائیں۔
عدالت نے دہشت گردی کے 2 مقدمات میں 10 ہزار کے مچلکوں پر 27 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو میاں جاوید لطیف کی گرفتاری سے روک دیا۔
عدالت نے سیکرٹری داخلہ سے ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل بھی طلب کرلی۔
Comments are closed on this story.