سہ فریقی ٹی20 سیریز : بنگلہ دیش کا پاکستان کو جیت کیلئے 174 رنز کا ہدف
سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے آخری گروپ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لئے 174 رنز کا ہدف دے دیا۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جارہے میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز اسکور کیے۔
بنگلادیش کی جانب سے لٹن داس اور کپتان شکیب الحسن ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے بالترتیب 69 اور 68 رنز بنائے، اوپنرز نجم الحسین شنٹو 12 اور سومیا سرکار 4 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
اس کے علاوہ عفیف حسین 11 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے اور یاسر علی ایک ہی رن بناسکے جبکہ نور الحسن 2 اور محمد سیف الدین ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 4 اوورز میں 6.75 کی ایوریج سے 27 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
محمد وسیم جونیئر نے 4 اوورز میں 8.25 کی ایوریج سے 33 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس کے علاوہ محمد نواز بھی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے جب کہ رضوان نے ایک کھلاڑی کو رن آؤٹ کیا۔
قومی ٹیم میں آج ایک تبدیلی
قومی ٹیم میں آج ایک تبدیلی کی گئی ہے، فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹاس کے بعد کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے، پچ پر گراس ہے اپنے بولرز کا اچھا استعمال کرنا چاہیں گے۔
دوسری جانب بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ آج کے میچ کے لئے ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ میچ کے آغاز میں مومنٹ پکڑلیں اور پھر اسی مومنٹم سے کھیل جاری رکھ سکیں۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کی ٹیم لگاتار 3میچ ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہوچکی ہے، بنگلہ دیش کو پہلے میچ میں پاکستان سے 21 رنز ، نیوزی لینڈ سے دوسرے میچ میں 8 وکٹوں اور تیسرے میچ میں 48رنز سے شکست ہوئی تھی۔
سہہ فریقی ٹی 20 سیریز کا فائنل کل بروز جمعہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔
Comments are closed on this story.