Aaj News

ہفتہ, نومبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

پشاور: چمکنی پولیس نے تاجر کو لوٹنے والے گروہ کا سراغ لگا لیا

سی سی ٹی وی کی مدد سے واردات میں ملوث اصل گینگ کا سراغ لگا لیا۔۔
شائع 12 اکتوبر 2022 03:11pm

پشاور: چمکنی پولیس نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے تاجر کو لوٹنے والے گروہ کا سراغ لگا لیا۔

پشاور کے علاقے موٹر وے ایچ چوک (چمکنی) میں تاجر صراف حسنین پشاور سے واپس پنجاب جا رہا تھا کہ ملزمان نے اس کو روکنے کیلئے فائرنگ کی، جس کے بعد تاجر سے اسلحہ کے زور پر کروڑوں روپے چھینے گئے۔

پولیس نے جامع تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی کی مدد سے واردات میں ملوث اصل گینگ کا سراغ لگا لیا، تفتیشی ٹیم نے انتہائی باریک بینی اور پیشہ ورانہ انداز سے کام کرتے ہوئے ملوث گینگ کو بے نقاب کیا۔

گزشتہ روز واقعے میں ملوث گروہ کے 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں مقامی صرافہ مارکیٹ کا تاجر اور کارپارکنگ کا چوکیدار بھی شامل ہے، جن میں ملزمان کی شناخت سلمان عرف سلمانے، جمشید افغانی، تیمور، رحیم، نورالحق اور فہیم کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مسلح راہزنی کا اعتراف کیا ہے، کارروائی کے دوران ملزمان سے ایک کروڑ سے زائد رقم برآمد بھی کرلی۔

جبکہ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ، موٹر سائیکل اور ایک گاڑی بھی برآمد کر لی ہے۔

KPK

peshawar

Crime