Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وفاقی کابینہ نے فیملی وزٹ ویزا کی میعاد میں توسیع دینے کی منظوری دیدی

تھر کول منصوبہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے: وزیراعظم
شائع 11 اکتوبر 2022 09:24pm
فوٹو — وزیراعظم ہاؤس
فوٹو — وزیراعظم ہاؤس

وفاقی کابینہ نے فیملی وزٹ ویزا میں توسیع کی میعاد ایک سال سے بڑھا کر دو سال کرنے کی منظوری دے دی۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ہواجس میں شرکاء نے سوات میں اسکول بس پر فائرنگ کے واقعہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی اور زخمی بچوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے دورہ تھر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تھر کول پراجیکٹ کے ذریعے سستی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے، ماضی میں اس منصوبے کے حوالے سے غیر ضروری تاخیر کی گئی جو کہ کسی قومی المیے سے کم نہیں لیکن اب یہ منصوبہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ کی بدولت 24 بلین ڈالرز کے توانائی کے درآمدی بل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے کام کرنے والے تمام متعلقہ فریقوں کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا اور کہا کہ اگلے ہفتے اس پراجیکٹ کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس بھی بلایا جائے گا۔

اجلاس کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ وفاقی کابینہ نے وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی سفارش پر سپریم کورٹ آف پاکستان کی لاہور رجسٹری کے لئے نابھہ روڈ لاہور پر واقع 23 کنال اراضی سپریم کورٹ کو الاٹ کرنے کی منظوری دے دی۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے وزارتِ داخلہ کی سفارش پر بھوٹان، مالدیپ، نیپال، روانڈا، بیلا رس اور سلواکیہ کو بزنس ویزالِسٹ میں شامل کرلیا تاکہ ان ممالک سے کاروباری تعلقات کو فروغ یدے جا سکیں۔

وفاقی کابینہ نے فیملی وزٹ ویزا میں توسیع کی میعاد ایک سال سے بڑھا کر دو سال کرنے کی منظوری دے دی۔ وزارتِ داخلہ کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے وزارتِ خارجہ سے تصدیق شدہ ٹریول، اسائلم، عارضی دستاویزات پر 30 دن کا ناقابل توسیع فیملی وزٹ کیٹگری سنگل اینٹری ویزا جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

وزارتِ داخلہ کی سفارش پر وفاقی کابینہ نے پاکستان آن لائن ویزا سسٹم میں درخواست گزار کے قیام کے مقام و پتہ، سپانسر کی لازمی تفصیلات سمیت ممکنہ انٹری پورٹ، بارڈر، ایئر پورٹ، مقام کار اوررابطہ کی تفصیلات کے اضافہ کی منظوری دی، یہ تفصیلات سی پیک منصوبوں کے سوا نجی افراد کیلئے بھی لازمی ہوں گی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے پیش کئے گئے توانائی کے مؤثر استعمال اور بچت کے اقدامات پر عملدرآمد کے روڈ میپ کے حوالے سے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کی ہدایت جاری کردی۔

Shehbaz Sharif

اسلام آباد

energy crisis

visit visa

thar coal