سینٹورس مال آتشزدگی: عمارت سیل، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل
اسلام آباد کے شاپنگ مال میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے کے بعد دھواں بلند ہوا اور چند منٹوں میں آسمان پر دھوئیں کے بادل دکھائی دیئے۔ ڈھائی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں سے آگ پر قابو پالیا گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈپٹی کمشنر نے شاپنگ مال اور اس سے منسلک رہائشی ٹاور کو سیل کرتے ہوئے چھ رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی اور تین دن میں رپورٹ طلب کرلی۔
چھٹی کے روزمال شہریوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا کہ اچانک مال کے چوتھے فلور پر موجود فوڈ کورٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔
آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے فلورکو اپنی پلیٹ میں لے لیا،آگ کی شدت کے باعث راولپنڈی سے بھی فائر ٹینڈرز طلب کئے گئے۔ پاک بحریہ کی آگ بجھانے والی گاڑیوں اورہیلی کاپٹر نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے فوری بعد مال میں ہر طرف دھواں پھیل گیا، ریسکیو کارروائیاں دیر سے شروع ہوئیں۔
ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
آگ پر قابو پانے کے بعد عمارت کو سیل کردیا گیا ہے۔ رپورٹ آنے کے بعد رہائشیوں کو اجازت دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، جبکہ وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے آگ لگنے کی وجوہات کا جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایت کی ہے۔
Comments are closed on this story.