حویلی لکھاں بلیک میلنگ معاملہ، غفلت پر تفتیشی افسر معطل
خاتون بلیک میلنگ کیس میں غفلت برتنے پر ایف آئی اے نے خاتون تفتیشی افسر کو معطل کر دیا۔
حویلی لکھاں کی رہائشی خاتون نے ویڈویوز اور تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے والے بااثر افراد کے خلاف سائبر کرائم ونگ لاہور میں درخواست جمع کروائی تھی۔
خاتون کے اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ سائبر کرائم ونگ نے بروقت کارروائی نہ کی، جس کی وجہ سے بااثر افراد نے متاثرہ لڑکی کو مزید تنگ کرنا شروع کر دیا تھا۔
بلیک میلنگ سے تنگ آکر خاتون نے چند روز قبل خودکشی کر لی تھی۔
ایف آئی اے نے سائبر کرائم ونگ میں تعینات سب انسپکٹر صبا شوکت کو غفلت برتنے پر معطل کر کے انکوائری شروع کردی۔
تاہم انچارج سائبر کرائم ونگ کے خلاف تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔
اس سے قبل، صوبہ پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کی تحصیل حویلی لکھاں میں نازیبا تصاویر وائرل ہونے پر چار بچوں کی ماں نے خود کشی کرلی۔
اوکاڑہ پولیس کا کہنا ہے کہ چار ملزمان نے خاتون کی نازیبا تصاویر وائرل کی تھیں، جن میں سے ایک ملزم ذیشان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کیخلاف تھانہ حویلی لکھاں میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس سے قبل، خاتون نے ملزمان عنصر، تیمور، ذیشان اور فاطمہ بی بی کیخلاف ایف آئی اے سائبر کرائم کو درخواست بھی دے رکھی تھی۔
Comments are closed on this story.