Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈیرہ اسماعیل خان اور عارف والا میں ٹریفک حادثات، 14 افراد جاں بحق

حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ کار کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا گیا
اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2022 12:09pm
دونوں حادثات میں 2 بچیوں سمیت 29 افراد زخمی بھی ہوئے۔
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل
دونوں حادثات میں 2 بچیوں سمیت 29 افراد زخمی بھی ہوئے۔ فوٹو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل

ڈیرہ اسماعیل خان اور عارف والا میں 2 ٹریفک حادثات میں خواتین اور بچوں سمیت 14افراد جاں بحق اور 29 زخمی ہوگئے۔

گزشتہ رات ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ژوب روڈ پر دانہ سر کے مقام پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں خانہ بدوشوں کی ٹریکٹر ٹرالی سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

حادثے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ افراد 26 زخمی ہوئے۔

مرنے والوں میں مرد، بچے اور خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو درہ زندہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مرنے والے تمام خانہ بدوش ٹریکٹر ٹرالی میں سوار تھےجو نقل مکانی کرکے دوسرے مقام پر خیمہ زن ہونے جارہے تھے لیکن المناک حادثے کا شکار ہوگئے۔

عارف والا میں کار اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم، 3 افراد جاں بحق

دوسری جانب عارف والامیں ساہیوال روڈ پر کار اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 بچیوں سمیت 3 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

ریسکیو کے مطابق 34 ای بی پلی کے قریب کار پیچھے سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں رحمت علی نامی شخص اس کی ساس اور اس کا کزن موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ اس کی 2 بیٹیاں اورایک بہن شدید زخمی ہوگئیں ۔

حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچ گیا جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا جبکہ زخمیوں کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈی ایچ کیو اسپتال ساہیوال ریفر کردیا گیا۔

حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ کار کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالا گیا جبکہ کارسوار خاندان بہاولنگر کارہائشی تھا جو لاہور سے واپس اپنے گھر جارہا تھا ۔

traffic accident

Car

arif wala

sahiwal road

tractor trolly