مریم نواز کو لاہور ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا
لاہورہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازکوپاسپورٹ واپس کرنےکاحکم دے دیا۔
مریم نواز کے وکیل امجد پرویزنے سماعت کےآغازپر تاخیرسے عدالت پہنچنے پرمعذرت کرتے ہوئے کہا کہ بہت سادہ سا کیس آپ کے سامنے ہے، مریم نواز نےعمرہ کیلئےپاسپورٹ واپس کی درخواست کی تھی، یہ درخواست اس سے بالکل مختلف ہے۔
وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ یہ ضمانت کی درخواست نہیں ہے، مریم نواز کو ضمانت میرٹ پر ملی۔ انہوں نے عدالتی حکم پر پاسپورٹ جمع کرایا تھا۔
امجد پرویز نے کہا کہ 4 سال میں چوہدری شوگر مل کیس کاریفرنس دائر نہیں کیا گیا، نیب کیس چلاتا تو بےگناہی ثابت کر دیتے۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ نیب سے ریکارڈ نہیں آیا جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ کے لیے کیا آپ کو کہیں اور جانا پڑے گا، کیا آپ کوعلم نہیں تھا کہ آج کیس لگا ہوا ہے؟۔
اس سے قبل 27 ستمبر کو ہونے والی سماعت میں نیب کی جانب سے تحریری جواب میں بتایا گیا تھا کہ درخواست میں موقف بنیادی حقوق کے نفاذ کا ہے، سپریم کورٹ قراردے چکی کہ فوجداری مقدمہ درج ہونے سے کسی کو آئینی حقوق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔ نیب پراسیکوٹر کا عدالت میں کہنا تھا کہ اگر مریم نواز کو پاسپورٹ واپس کر دیا جائے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں۔
مریم نواز کے وکیل کے پیش نہ ہونے کے باعث عدالت نے سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کردی تھی۔
مریم نواز نےعدالتی تحویل میں موجود پاسپورٹ واپس لینے کیلئے لاہورہائیکورٹ سےرجوع کیا تھا۔
Comments are closed on this story.