ریڈ زون کی طرف مارچ کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، رانا ثناء کی کسانوں کو وارننگ
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ناراض کسانوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ زون کی طرف مارچ کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کسانوں کا دھرنا بلا جواز ہے، کسان اتحاد سے ملاقات میں انہیں صورتحال سے آگاہ کردیا ہے، مظاہرین کا ٹیوب ویلز کے بلوں کی ادائیگی موخر کرنے کا مطالبہ تسلیم کیا جا چکا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹیوب ویل بجلی کے بلوں میں کمی کے لئے کمیٹی کام کر رہی ہے، پیر کو کمیٹی تمام تجاویز پر غور کرے گی، البتہ حکومت کسانوں کے جائز مطالبات کو سنجیدہ لے رہی ہے۔
دوسری جانب حکومت اور کسان اتحاد کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد پولیس کے تازہ دم دستے خیابان چوک پہنچ گئے۔
مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے انتظامیہ نے ایف سی کی بھاری نفری طلب کرلی ہے جب کہ قیدی گاڑیاں اور ایمبولینس بھی خیابان چوک پہنچادی گئی ہیں۔
Comments are closed on this story.