سعودی عرب میں تعلیم حاصل کریں،اسٹوڈنٹ ویزا جاری کرنے کا فیصلہ
سعودی عرب نے 160 ممالک کے طلبہ کی سہولت کے لیے ’ادرس فی السعودیہ‘ (سعودی عرب میں تعلیم حاصل کریں) کے عنوان سے پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے۔ وزارت تعلیم اس کے تحت مختصر اور طویل المدتی تعلیمی ویزے جاری کرے گی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی کابینہ نے مختصر مدتی اور طویل مدتی تعلیمی ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے یونیورسٹیوں میں طلبہ و طالبات اور سکالرز کو فائدہ ہوگا۔ انہیں یہ ویزا جاری کیا جائے گا۔
وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ تعلیمی ویزے کے اجرا کا مقصد منفرد استعداد رکھنے والے طلبہ و طالبات اور سکالرز کو سعودی عرب کے تعلیمی اداروں اور ریسرچ سینٹر اور انسٹی ٹیوٹ سے جوڑنا ہے۔
اس کا مقصد عربی زبان کی تعلیم، اعتدال پسندی اور میانہ روی جیسی پاکیزہ اقدار کے پرچار میں سعودی عرب کی خدمات کا دائرہ وسیع کرنا ہے۔
وزارت تعلیم نے بتایا کہ یہ ویزہ اساتذہ اور سکالرز کو بھی جاری کیا جائے گا۔ مختصر مدتی ویزا ایک سال کا ہوگا اور طویل مدتی ویزہ مکمل تعلیمی پروگرام کے لیے جاری کیا جائے گا۔
وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ 160 ممالک کے طلبہ اس سکیم سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔ 9 زبانوں میں ڈیٹا ریکارڈ کرنے کا موقع دیاجائے گا۔ ویزا درخواستیں متعلقہ اداروں کو پیش کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں مملکت میں تعلیمی کارروائی کو آسان بنایا جائے گا۔ غیرملکی طلبہ کے لیے سپانسر کی شرط نہیں ہوگی۔
یاد رہے کہ سعودی عرب، پاکستان کے لیے سکالر شپ سکیم منظور کیے ہوئے ہے دونوں ملک تعلیمِ، تدریس اور ریسرچ کے مختلف پروگراموں سے جڑے ہوئے ہیں۔ نئی سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں پاکستانی طلبہ و طالبات اور سکالر بھی شامل ہوں گے۔
Comments are closed on this story.