Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسلام آباد میں کسانوں کا احتجاج : بلیو ایریا جانے والے راستے بند

مطالبات کی عدم منظوری پر دھرنا جاری رکھنے کی دھمکی دے دی
اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2022 12:19pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد میں ملک بھر سے آئے کسانوں کے احتجاج کے باعث بلیو ایریا جانے والے راستے بند کردیے گئے۔

وفاقی دارالحکومت میں بلیو ایریا کے قریب کسان اتحاد کا دھرنا جاری ہے، اضافی ٹیکس کے خاتمے، کھاد کی قیمتوں میں کمی سمیت تمام مطالبات حکومت کے سامنے رکھ دیے۔

حکومت کی جانب سے ڈپٹی کمشنر اور سینئر پولیس افسران کو مذاکرات کا حکم دیا گیا ہے۔

کسان اتحادکے شرکاء ڈی چوک جانے پر باضد ہیں تو وہی پولیس مختص جگہ ایف نائن پارک جانے کے احکامات پر کار بند ہے ۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو کسی صورت ریڈ زون داخلے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، احتجاج میں شامل افراد کے پاس ڈنڈے اور دیگر ہتھیار ہوسکتے ہیں، پولیس اور انتظامیہ نے گزشتہ شب مذاکرات کی کوشش کی، مذاکرات کا کسانوں کی جانب سے کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ملا، احتجاج کے سرکردہ افراد نے ایف نائن میں احتجاج کی یقینی دہانی کروائی تھی۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مظاہرین اب طے شدہ مقام کی بجائے ڈی چوک پیش قدمی کرنے پر بضد ہیں، پولیس اور انتظامیہ حتیٰ الامکان مذاکرات کرنے کی کوشش کرے گی اور مظاہرین کو آخری حل کے طور پر منتشر کرنے کے اقدامات عمل میں لائے گی۔

احتجاج کرنے والے کسانوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے مذاکرات میں مطالبات منظور کیے جانے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن اس کے باوجود کوئی پیشرفت نہیں دکھائی گئی۔

کسان اتحاد کی جانب سے مطالبات کی منطوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے دھمکی دی گئی ہے کہ مطالبات نہ مانے جانے کی صورت میں بلیو ایریا سے ڈی چوک کی جانب پیش قدمی کرسکتے ہیں

کسانوں کا مطالبہ ہے کہ بجلی بلوں میں بے انتہا اضافہ ختم کیا جائے اور کسانوں کو کھاد، یوریا پرسبسڈی دی جائے۔

اسلام آباد کی اہم شاہراہ پر جاری احتجاج کے باعث زیروپوائنٹ سے فیصل ایونیو جانے والاراستہ اور خیبر چوک مکمل بند ہے۔

ریڈ زون جانے والے راستے ایکسپریس چوک ، نادرا چوک اور ایوب چوک پر بھی رکاوٹیں کھڑی کردی گئی ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی شدید متاثرہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

پاکستان

اسلام آباد

Farmer Protest