Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کوئی ڈیل نہیں ہوئی، پاسپورٹ ملنے پر واپس آگیا: اسحاق ڈار

انہوں نے کہا میرے خلاف کیس بنانے والوں کو معافی مانگنی چاہیے
اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2022 02:29pm

وفاقی وزیراسحاق ڈارکا کہنا ہے کہ ٹیکس تاخیرسے فائل کرنے کرنے کے جھوٹے کیس میں عمران خان نے میرا پاسپورٹ بلاک کیا،4 سال تک میرے پاس پاسپورٹ نہیں تھا،میرے خلاف کیس بنانے والوں کومعافی مانگنی چاہیے۔

آج صبح وزیرخزانہ کے عہدے کاحلف اٹھانے والے اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کی حکومت نے معیشت کابیڑاغرق کیا، وہ حال کیاجودشمن بھی نہیں کرسکتا تھا۔

پانچ سال بعد پاکستان واپس آنے والے اسحاق ڈارکا کہنا تھا کہ میرے خلاف کیس بنانے والوں کو معافی مانگنی چاہیے، برطانیہ میں میرے خلاف کوئی کارروائی ہوئی نہ ثبوت پیش کیا گیا، عمران خان نے مجھے پاسپورٹ حاصل کرنے سے روکنے کی کوشش کی اورنئی حکومت نے مجھے پاسپورٹ جاری کردیا، ہم ڈیل پریقین نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ مستقل ٹیکس دینے والا ہوں لیکن کہا گیا کہ میں نے 20 سال ٹیکس دائرنہیں کیا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ 40 سال میں 200 منٹ کی بھی تاخیرنہیں کی۔ پاکستان میں کوئی ایسا دن نہیں گزرا جب پی ٹی آئی لیڈر یہ نہ کہتے ہوں کہ ڈارکو واپس لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

نجی چینل کی خبرکا حوالہ دینے والے اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ آپ کو یاد ہے کہ ایک چینل نے جھوٹ پھیلایا لیکن ان کی بدقسمتی کہ وہ دفاع نہ کرسکے اور انہیں مجھ سے معافی مانگتے ہوئے 30 ملین روپے ہرجانہ کی مد میں ادا کرنے پڑے، جومیں نے غرباء کومنتقل کردیے۔ ایسے جھوٹے مقدمات بنانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

گزشتہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے والے اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاناما جیسے ڈرامے پاکستان کو بہت مہنگے پڑے ہیں،ہمارے دشمنوں کوہمارے خلاف کچھ کرنے کی ضرورت نہیں۔ امید ہے کہ ہم ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے، مجھے پیشکش کی گئی اور کہا گیا کہ میں یہ ذمہ داری قبول کروں تو ملک کیلئے کام کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ میرا پہلا ہدف کرنسی کو بحال کرنا اورشرح سود کونیچے لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی کیس میں میرے پاسپورٹ کی منسوخی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے،یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ ہمارے پانچ سال برباد ہوگئے۔

اسحاق ڈارنے عمران خان اور ان کی جماعت کے لیے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 2014 کے دھرنے میں ہم نے مذاکرات کی کوشش کی اور انہیں پارلیمنٹ میں واپس لائے ۔ خدا کے واسطے پاکستان کے لیے کام کریں۔

مستعفی ہونے والے سابق وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ مفتاح ہماری ٹیم کا حصہ ہیں اور تھے، انہوں نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے پوری کوشش کی۔

pti

Ishaq Dar

پاکستان

imran khan