Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسحاق ڈار پھر وزیرخزانہ بن گئے

سینیئرلیگی رہنما نے چوتھی بار اس عہدے کاحلف اٹھالیا
شائع 28 ستمبر 2022 10:11am

سابق وفاقی وزیرخزانہ اورسینیئر لیگی رہنما اسحاق ڈارنے ایک بارپھر پُرانا منصب سنبھال لیا۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں صدر مملکت عارف علوی نے اسحاق ڈار سے وزیرخزانہ کا حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں میں وزیراعظم شہبازشریف ، وفاقی وزراء اوردیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔

چوتھی بار وزرات خزانہ کی باگ دوڑ سنبھالنے والے اسحاق ڈار دو روزقبل وزیراعظم شہبازشریف کےہمراہ 5 سال کے طویل عرصہ کے بعد لندن سے پاکستان پہنچے تھے۔

اسحاق ڈار نے 1998 سے 1999 تک اورپھر 2008 میں بھی کچھ عرصہ کے لیے بطور وزیر خزانہ ذمہ داریاں سنبھالیں، 2013 میں نوازشریف کی تیسری تیسری مدت اقتدار کے اسحاق ڈار تیسری بار وزیرخزانہ بنے۔

سال 2018 کے سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے باوجود لندن میں موجوداسحاق ڈارحلف برداری کے لیے پاکستان واپس نہیں آئے، بعد ازاں سپریم کورٹ میں دائر درخواست پرعدالت نے ان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کیا جوجنوری 2022 میں درخواست واپس لینے پربحال کردیاگیا۔

ن لیگی قیادت نے مفتاح اسماعیل سے وزیرخزانہ کی ذمہ داری واپس لے کراسحاق ڈار کو ایک بار پھر ملکی معیشت کی بہتری اورروپے کی گرتی قدرمستحکم کرنے کا ٹاسک سونپا ہے۔

لندن میں اپنا استعفیٰ نوازشریف کو پیش کرنے والے مفتاح اسماعیل گزشتہ روز باضابطہ طورپر مستعفی ہوگئے تھے۔

لیگی قیادت بظاہر مفتاح اسماعیل کی کارکردگی سے خوش نہیں تھی، جس کا اعتراف مریم نواز نے مبینہ لیک آڈیو میں بھی کیا۔

Ishaq Dar

پاکستان

Finance minister

ڈالر