مفتاح اسماعیل کااگلا مشن : نہاری اور گولا کباب
ڈالرکی پروازروکنے میں ناکامی کے باعث تنقید کا نشانہ بنائے جانے والے مفتاح اسماعیل اپنی وزرات واپس لیے جانے کے بعد فی الحال سیاسی ذمہ داریوں سے آزاد ہیں ، اسی لیے “ لذت کام ودہن“ ان کی پہلی ترجیح ہوگی۔
پاکستانی وزارت خزانہ کا قلمدان مفتاح کے بجائے ڈالرسے نبٹنے کی مہارت رکھنے والے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو دے دیا گیا ہے جو 5 سال کے بعد گزشتہ رات وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ لندن سے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
یہ منصب واپس لینے والی ن لیگی قیادت نے تو فی الحال یہ واضح نہیں کیاکہ مفتاح اسماعیل کو اگلا مشن کون سا سونپا جائے گا تاہم انہوں نے خود ضرور سوچ لیا ہے کہ کندھوں سے بھاری ذمہ داریوں کا بوجھ سرکنے کے بعد سب سے پہلے کیا کرنا ہے۔
ٹوئٹرصارف نے روایتی سوالات کے بجائے مفتاح سے پوچھا کہ کراچی جانے کے بعد وہ کون سا ریسٹورنٹ ہے جہاں آپ سب سے پہلے جائیں گے؟۔
جواب میں مفتاح اسماعیل نے پوری فہرست گنوادی جس سے ظاہرہوتا ہے کہ انہیں کھانے پینے کا کتنا شوق ہے اور مرغوب غذائیں کون سی ہیں۔
مفتاح کے مطابق وہ سب سے پہلے زاہد، ادریس اور جاوید کی نہاری، الکباب ، غفاراور میرٹھ کے کباب کھانے جائیں گے جبکہ کراچی کی مشہورومعروف دھوراجی کالونی کا گولا گنڈا بھی ایجنڈے پرسرفہرست ہے۔
انہوں نے لکھا، ”خوش قسمتی سے بہت سی چوائسزہیں“۔
لندن میں قائد ن لیگ نوازشریف کو اپنا استعفیٰ پیش کرنے والے مفتاح اسماعیل کی کارکردگی سے ن لیگ خوش نہیں تھی۔
اس بات کی تائید حال ہی میں لیک ہونے والی مریم نواز کی آڈیو سے بھی ہوتی ہے جس میں وہ اپنے خدشات کااظہار کرتے ہوئے کہہ رہی ہیں کہ ، ”مفتاح اسماعیل ٹی وی پرالٹا سیدھا بول دیتے ہیں اورپھربعدمیں ان کامذاق اُڑتا ہے۔“
Comments are closed on this story.